وزیر اعلیٰ سندھ کی محکمہ صحت سند ھ کو سروسز اسپتال کراچی میں کورونا یونٹ قائم کرنے کی ہدایت

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

محکمہ صحت سند ھ سروسز اسپتال میں کورونا وائرس مریضوں کا یونٹ قائم کرے‘ وزیر اعلیٰ سندھ
محکمہ صحت سند ھ سروسز اسپتال میں کورونا وائرس مریضوں کا یونٹ قائم کرے‘ وزیر اعلیٰ سندھ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چھ نئی ریپڈ ٹیسٹنگ مشین اور تین لاکھ ٹیسٹنگ کٹس خریدنے کی منظوری دی ہے تاکہ سرکاری شعبے میں COVID-19 کی جانچ کی گنجائش میں اضافہ کیا جاسکے۔

یہ فیصلہ کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کی جانچ کیلئے کٹس کے دستیاب اسٹاک اور روزانہ جانچ کی موجودہ صلاحیت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری صحت ڈاکٹر زاہد عباسی، سیکرٹری سرمایہ کاری نجم شاہ، انڈس اسپتال کے ڈاکٹر باری، ڈاکٹر صبا جمال، ڈاؤ لیب کے ڈاکٹر سعید خان اور ایم بی دھاریجو نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے پاس تقریبا 7500 ٹیسٹنگ کٹس دستیاب ہیں اور اگلے 7 دن تک کیلئے یہ اسٹاک کافی ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ مزید تین لاکھ کٹس خریدیں تاکہ کافی تعداد میں اسٹاک دستیاب ہو۔

ماہرین نے بتایا کہ دو لاکھ ٹیسٹنگ کٹس برطانیہ کی کمپنی سے خریدی جاسکتی ہیں۔ ان کٹس کی تکنیکی کمیٹی نے پہلے ہی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس تجویز کی منظوری دی اور انڈس اسپتال کو ہدایت کی کہ وہ اگلے 15 دن کے اندر اس سامان کی فراہمی کیلئے کوشش کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کی گنجائش 200 سے بڑھا کر 2020 تک کردی گئی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ دن میں کم از کم 5000 تک ہونی چاہئے۔ ماہرین نے انھیں بتایا کہ جب نئی پی سی آر مشینیں خریدیں جائیں گی تو صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تکنیکی کمیٹی کی سفارش پر ٹیسٹنگ سسٹم کے قیام کیلئے 6 پی سی آر مشینوں کی خریداری کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کینیڈا سے ایک لاکھ ٹیسٹنگ کٹس کے ساتھ ساتھ ریپڈ ٹیسٹنگ مشین کی خریداری کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں مشین اور کٹس کی خریداری کا حکم دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ سروسز اسپتال کراچی میں ایک کورونا وائرس مریضوں کا یونٹ قائم کرے۔ انہوں نے وارڈز کی مرمت، ضروری سازوسامان کی خریداری اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی پوسٹنگ کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے یونٹ کے قیام کیلئے فوری طور پر 13.4 ملین روپے جاری کرنے کا حکم دیا۔ سکریٹری خزانہ حسن نقوی نے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ صحت کو فنڈز جاری کردیئے۔

Related Posts