آزاد کشمیر میں آنے والے زائرین کے کوائف جمع کرنے کیلئے ہیلتھ کمیٹیاں تشکیل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

میرپور: آزاد جموں و کشمیر میں حکام نے کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے بیرون ممالک سے واپس آنے والے شہریوں اور زائرین کے اعداد و شمار مرتب کرنے کے لئے تمام یونین کونسلوں میں ہیلتھ کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں۔

چیف سیکریٹری نیاز رانا نے زائرین سمیت بیرون ملک سے حال ہی میں وطن واپس آنے والے 26500 افراد کے تمام متعلقہ اعداد و شمار جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان راجہ اظہر اقبال کے مطابق ان صحت کمیٹیوں میں 345 سے زیادہ لیڈی ہیلتھ ورکرز ، ای پی آئی کے ویکسینیٹرز ،نیشنل ہیلتھ پروگرام کے رضا کار،204 یونین کونسلوں کے سیکریٹری ، ریونیو آفیسر اور پولیس اہلکارشامل ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کمیٹیاں نہ صرف اعداد و شمار مرتب کریں گی بلکہ مشتبہ افراد کو قریبی قرنطینہ مراکز میں منتقل کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں کے سپروائزر سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی روز مرہ کی پیشرفت کی رپورٹ ضلعی رابطہ کمیٹی اور مرکزی کمیٹی کو پیش کریں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے دُنیا بھر میں 7 لاکھ 22ہزار افراد متاثر، 33ہزار 976ہلاک

دریں اثنا آئی ٹی بورڈ کے دفتر میں ایک کورونا وائرس الرٹ کنٹرول روم تیار کیا گیا تھا تاکہ حکومت کی کورونا وائرس کے حوالے سے تمام سرگرمیوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ جمع اور برقرار رکھا جاسکے ۔

اس سے قبل آزاد جموں و کشمیر صدرراجہ فاروق حیدر نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے تین ہفتوں کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسزکی تعداد 13 بتائی گئی اور ایک مریض کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔