پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر کو باضابطہ طور پر برطانوی شہریت دے دی گئی ہے اور انہیں برطانیہ کا پاسپورٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد وہ تکنیکی طور پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کے اہل قرار دئیے جا سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد عامر کافی عرصے سے برطانیہ میں اپنی برطانوی نژاد اہلیہ نرگس خان اور بچوں کے ساتھ مقیم تھے۔ تمام قانونی تقاضے اور ضروری کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد انہیں اب باقاعدہ طور پر برطانوی شہریت حاصل ہو گئی ہے۔
بدھ کے روز محمد عامر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں ایک صارف کی جانب سے انہیں برطانوی شہریت ملنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستانی کھلاڑیوں کے آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے اسی وجہ سے ماضی میں پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے بھی برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد آئی پی ایل میں حصہ لیا تھا۔
اب برطانوی پاسپورٹ ملنے کے بعد محمد عامر تکنیکی طور پر آئی پی ایل کھیلنے کے اہل ہو گئے ہیں، اور رپورٹس کے مطابق اگر انہیں لیگ سے کوئی پیشکش موصول ہوتی ہے تو وہ اس پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ محمد عامر متعدد بار آئی پی ایل کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر مستقبل میں پی ایس ایل اور آئی پی ایل ایک ساتھ ہوں تو وہ کس کو ترجیح دیں گے تو انہوں نے واضح کیا تھا کہ برطانوی شہریت ملنے کے بعد ان کی ترجیح آئی پی ایل ہوگی اور اگر موقع نہ ملا تو وہ پی ایس ایل میں کھیلیں گے۔
محمد عامر نے 2024 میں دوسری مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی جبکہ حالیہ پی ایس ایل سیزن میں وہ نئی فرنچائز راولپنڈی کی نمائندگی کرتے رہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








