فلسطینی گروپ حماس نے صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے پر شامی عوام کو مبارکباد دی ہے۔
بشار الاسد کی آمریت کے خاتمے کے بعد یہ حماس کا پہلا ردعمل ہے۔ اسرائیل کے خلاف بر سر جنگ فلسطین کی اسلامی تحریک مزحمت (حماس) نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم شام کے عظیم لوگوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور شام کے لوگوں کی خواہشات، آزادی اور سیاسی انتخاب کا احترام کرتے ہیں۔
عالمی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق حماس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسے امید ہے کہ بشار الاسد کے بعد شام فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنا تاریخی اور اہم کردار جاری رکھے گا۔
دوسری طرف غزہ ہی میں حماس کے ہمراہ اسرائیل کے خلاف برسرپیکار اسلامی جہاد تنظیم کے رہنما زیاد النخالہ نے بھی اپنے بیان میں ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا ہے۔ نخالہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلامی جہاد کو امید ہے کہ شام ہمیشہ کی طرح فلسطینی عوام کا حامی رہے گا۔
واضح رہے کہ حماس نے بشار الاسد کے خلاف 2011 کی عوامی تحریک کی حمایت کی تھی اور ساتھ ہی 2012 میں دمشق میں قائم اپنا ہیڈ کوارٹر خالی کر دیا تھا، جس پر ایران حماس سے شدید ناراض ہوگیا تھا۔