سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال خطبہ حج کو 35 بڑی زبانوں میں ترجمے کے ساتھ نشر کیا جائے گا تاکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمان اپنی مادری زبان میں اس اہم پیغام کو سمجھ سکیں۔ ان زبانوں میں اردو، پشتو اور پنجابی بھی شامل ہیں۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین حج اور ناظرین تک خطبہ حج کا پیغام موثر انداز میں پہنچانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس روحانی خطاب سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزارت نے بتایا کہ خطبہ حج کی براہِ راست ترجمہ شدہ نشریات کئی عالمی زبانوں میں پیش کی جائیں گی جن میں انگریزی، فرانسیسی، انڈونیشین، ترکی، فارسی، روسی اور چینی زبانیں بھی شامل ہیں۔
خصوصی طور پر پاکستانی حجاج کو سہولت دینے کے لیے خطبہ حج اردو کے ساتھ ساتھ علاقائی زبانوں پنجابی اور پشتو میں بھی سنایا جائے گا تاکہ زیادہ لوگ آسانی سے اس کا مفہوم سمجھ سکیں۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے خطبہ حج دنیا کے مختلف حصوں میں لاکھوں افراد تک پہنچایا جائے گا جس سے مسلمانوں کی بڑی تعداد اس کے دینی اور روحانی پیغام سے مستفید ہو سکے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








