واٹر بورڈ اینٹی تھیفٹ سیل کا ایوب گوٹھ میں گرینڈ آپریشن

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: واٹر بورڈ کے اینٹی تھیفٹ سیل نے سائٹ سپر ہائی وے پولیس اسٹیشن کے علاقے ایوب گوٹھ میں گودرا سوسائٹی کے محمدی پیالہ ہوٹل کے پاس گرینڈ آپریشن کیا جہاں پر پانی چور کام چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ نے صبح پہلے مرحلے کے آپریشن میں کارروائی کی، جس میں زیادہ کنکشن برآمد نہیں ہوئے جس پر کام کو روک دیا گیا۔ بعد ازاں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا اور ازخود غیر قانونی زیرِ زمین پانی کے کنکشن نکالنا شروع کردیے۔

اہلِ علاقہ کی جانب سے از خود آپریشن شروع کرنے کے بعد اینٹی تھیفٹ سیل نے دوبارہ آپریشن شروع کیا، جس میں متعدد غیر قانونی کنکشن برآمد ہوئے ہیں۔ جہاں سے پانی چور یومیہ لاکھوں گیلن پانی چوری کرکے مہنگے داموں فروخت کرتے تھے۔

ذرائع کے مطابق ایوب گوٹھ نزد ملک آغا محمدی پیالہ ہوٹل کے قریب غیرقانونی پانی کے کنکشن کرکے ٹینکروں اور زیرِ زمین لائنوں کے ذریعے پانی سپلائی کا دھندہ کرنے والوں میں عبد الواحد عرف وحید ولد عبدالوہاب، افضل خان ولد طالعمند خان، سکندر ولد نثار احمد، نور واحد ولد عبدالوہاب، فضل واحد ولد عبدالوہاب، عزیز خان ولد طالع مند خان، شمشیر ولد فیض محمد خان، حسین بادشاہ ولد بادشاہ خان اور دحبیب خان ولد عبد الوہاب شامل ہیں۔

واضح رہے کہ واٹر بورڈ کی مقامی لائن کے منتظم افسران و ملازمین نے اینٹی تھیفٹ سیل کے آپریشن سے قبل ہی پانی چور مافیا کو آگاہ کر دیا تھا جنہوں نے ایک رات قبل ہی زمین کے اوپر سامنے نظر آنے والا سامان ہٹا دیا تھا۔ جس کے بعد جمعرات کی صبح آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

مذکورہ پانی چور مافیا عوام اور اہل علاقہ کا پانی چوری کرکے یومیہ لاکھوں روپے کا دھندہ کرتے ہیں، جس میں سائٹ سپر ہائی وے پولیس اسٹیشن کے اہلکار اُن کی معاونت کرتے اور اپنا حصہ یومیہ بنیادوں پر وصول کرتے ہیں۔

اہلِ علاقہ کی معاونت سے جاری اِس آپریشن کے نتیجے میں جمعہ کو بھی اسی علاقے میں واقع ندی میں آپریشن جاری ہے جہاں سے غیر قانونی کنکشن کا وسیع نیٹ ورک پکڑا گیا ہے۔