حکومت کی جانب سے سینکڑوں خواتین میں مفت پنک اسکوٹیز تقسیم، لاکھوں مزید دینے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

خواتین پنک اسکوٹیز کے ساتھ
خواتین پنک اسکوٹیز کے ساتھ، فائل فوٹو

محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر 300 پنک الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کی گئیں۔

پنک الیکٹرک اسکوٹیز کی تقسیم کی تقریب کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ تمام خواتین کو عالمی یومِ خواتین کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں کیونکہ خواتین نہ ہوتیں تو ہم بھی نہ ہوتے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے لڑکیوں کے لیے گرلز کیڈٹ کالج قائم کیا ہے اور خواتین کے لیے مختلف فلاحی پروگرام متعارف کروانا ہماری ذمہ داری اور فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے خواتین کے لیے پنک بس سروس شروع کی ہے جس میں خواتین ڈرائیورز کو بھی تعینات کیا گیا ہے اور یہ منفرد سہولت دنیا میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو پچاس لاکھ اسکوٹیز فراہم کرنے کا پروگرام شروع کر رہی ہے اور اس کے لیے کسی سفارش یا پرچی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اسکوٹی حاصل کرنے کے لیے مستقل ڈرائیونگ لائسنس اور تعلیم یا ملازمت کا ثبوت درکار ہوگا جبکہ خواتین کو مفت ڈرائیونگ ٹریننگ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت خواتین کو مفت اسکوٹیز دی جا رہی ہیں تاکہ انہیں پیٹرول کے اخراجات اور سفر کی مشکلات سے نجات مل سکے اور پنک اسکوٹی پروگرام کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔

Related Posts