اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار میں تیزی دیکھی گئی، کے ایس سی 100 انڈیکس 54 ہزار کی نئی بلند سطح عبور کر گیا۔
تفصیلات کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس 54 ہزار 301 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔ سعودی عرب اور چین کی پاکستان ریفائنری سیکٹر میں سرمایہ کاری کی اطلاعات سامنے آنے پر سرمایہ کاروں میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔
دوسری جانب آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی معاشی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان اور مثبت تکنیکی مذاکرات جاری رہنے کی خبر سامنے آنے کے باعث بھی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار نظر آیا ہے۔
کاروباری سرگرمیوں کے دوران 325 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 158 کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 146 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران مثبت رجحان دیکھنے کو ملا، کے ایس ای 100انڈیکس میں 737 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 737 پوائنٹس اضافے سے 53860 پوائنٹس پر بند ہوا، یہ کاروبار کے اختتام پر بلند ترین سطح رہی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 53166 رہی، کاروبار کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 54000 سے 56 پوائنٹس کے فاصلے پر 53944 پوائنٹس رہا۔