سید علی گیلانی نے آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی کال دیدی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مقبوضہ جموں و کشمیر میں نافذ کرفیو کا 58واں روز، نقل و حرکت پر پابندی
مقبوضہ جموں و کشمیر میں نافذ کرفیو کا 58واں روز، نقل و حرکت پر پابندی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

سرینگر :مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے (آج) 27اکتوبربروز اتوار مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے تاکہ بھارت کو یہ واضح پیغام دیا جاسکے کہ کشمیری اپنی سرزمین پر اسکے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔

بھارتی فوجیوں نے 27اکتوبر 1947ء کو جموںوکشمیر پریلغار کر کے کشمیریوں کی خواہشات کے بر عکس اورتقسیم برصغیر کے اصول و ضوابط کے خلاف اس پرزبردستی قبضہ کیاتھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی کے ترجمان سید عبداللہ گیلانی کی طرف سے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سید علی گیلانی نے27اکتوبر 1947کو کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر سے باہر رہنے والے کشمیریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ حل طلب تنازعہ کشمیر اور مقبوعہ علاقے میں رہنے والے لوگوں کی مشکلات کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے 27اکتوبر کو مظاہرے کریں۔

مزید پڑھیں : مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کا 83 واں روز، نظامِ زندگی بدستور مفلوج

انہوں نے کہا کہ بھارت جموںوکشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے کیلئے کشمیریوں کو بہیمانہ قتل عام ،جبری گرفتاری، ظلم و تشدد اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں کا نشانہ بنارہا ہے ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ کسی بھی قوم کو طویل عرصے تک ان ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے محکوم نہیں رکھا جاسکاہے اور کشمیری عوام کسی بھی صورت میں بھارت کے غیر قانونی تسلط کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

حریت چیئرمین نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ 27اکتوبر بروز اتوا ر کو مکمل ہڑتال کرکے بھارت کو واضح پیغام دیں کہ وہ اپنے مادر وطن پر اس کے تسلط کوتسلیم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے 1947سے آج تک بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے دھرمی پر مبنی بھارتی رویے کو تنازعہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔سیدعلی گیلانی نے کہا کہ کشمیریوں کو یہ حق اقوام متحدہ نے اپنی قرار دادوں میں دے رکھا ہے جن پر بھارت نے بھی دستخط کر رکھے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

یہ بھی پڑھیں : کریک ڈاؤن نے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو خاموش کردیا، امریکی اخبار

حریت چیئرمین نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ ابتر صورتحا ل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کی فسطائی حکومت کا جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کرنے کا یکطرفہ اقدام کشمیریوں کو محکوم رکھنے کی طر ف ایک اور قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو گزشتہ سات دہائیوں سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ اس وقت انہیں مسلسل فوجی محاصرے کا سامنا ہے لیکن کشمیری بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے اور وہ جدوجہد آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

Related Posts