اسلام آباد میں دھماکہ، 8افراد جاں بحق، دولہا دلہن کون؟ حادثہ کیسے ہوا؟ مکمل تفصیلات

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گیس لیکیج دھماکے سے شادی کا گھر ماتم کدے میں بدل گیا، دولہا اور دلہن سمیت 8افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ یہ حادثہ کیسے ہوا، اس کی مکمل تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔

حادثے کی وجہ گیس لیکیج بتائی جاتی ہے، اسلام آباد کے سیکٹر جی 7ٹو میں پیش آنے والے اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے دولہا اور دلہن سمیت 5افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جبکہ یہ واقعہ مسیحی برادری کو سوگوار کرگیا۔

مسیحی برادری سے اظہارِ یکجہتی کیلئے معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے متأثرہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کیا۔ دولہا کا نام شہریار تھا جو کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں ملازمت کرتا تھا۔دھماکہ صبح 7بج کر 20 منٹ پر ہوا۔

حادثے کے باعث رہائشی عمارت کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر متعدد افراد زخمی اور جاں بحق ہوئے۔ شہریار کے والد کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں میرے بیٹا بیوی سمیت جاں بحق ہوا جبکہ بہوؤں کو چوٹیں آئی ہیں۔

شہریار کے چچا کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار مکان 70ء کی دہائی سے ہی دولہا شہریار  کے والد کو الاٹ ہوا تھا۔ دھماکہ گیس لیکیج کے باعث ہوا۔ رات کے وقت سردی کے باعث گیس جلائی جاتی ہے، جس کے بعد گیس کی لوڈ شیڈنگ ہوئی۔

دولہا کے چچا کے بیان کے مطابق جب گیس لوڈ شیڈنگ کے بعد واپس آئی تو اس سے گیس لیکیج ہوئی۔ صبح کو ناشتہ بنانے کی غرض سے کسی نے ماچس جلائی تو اس مقام پر گیس بھر چکی تھی، جس سے زوردار دھماکہ ہوا۔

Related Posts