لاہور کے راوی روڈ کے علاقے میں گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 2 نوجوان دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راوی روڈ کے علاقے میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے کے باعث 2 نوجوان جاں بحق ہوئے جن کے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت اویس اور مہران کے نام سے ہوئی ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق دونوں نوجوان اوچ شریف کے رہائشی تھے۔ جب گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگی تو دونوں نوجوان فیکٹری کے کمرے میں سو رہے تھے۔ آگ لگنے کے باعث دھواں پھیل گیا جس کے دوران دم گھٹنے سے اویس اور مہران جاں بحق ہوئے۔آگ لگنے کی وجوہات پر تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل لاہور کی معروف ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں کی فیکٹری میں آگ لگ گئی جسے بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
ٹمبر مارکیٹ میں گزشتہ برس 12 دسمبر کو صبح کے وقت لگنے والی آگ کو بجھانے اور ممکنہ طور پر فیکٹری میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو 1122 کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔
مزید پڑھیں: لاہور کی معروف ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں کی فیکٹری میں آگ لگ گئی