فرانس شینگن ویزا: پاکستانی درخواست گزاروں کیلئے بینک بیلنس سے متعلق بڑی اپ ڈیٹ

تازہ ترین

تازہ ترین

فرانس کا شینگن ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے بینک اسٹیٹمنٹ اور مالی ثبوت کو انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ویزا درخواست کی منظوری یا مسترد ہونے میں مالی حیثیت بنیادی کردار ادا کرتی ہے، اور درخواست گزار کو اپنے اخراجات برداشت کرنے کی مکمل صلاحیت ثابت کرنا ضروری ہوتا ہے۔

اسلام آباد میں قائم فرانسیسی سفارت خانہ ویزا درخواستوں کے ساتھ جمع ہونے والی تمام دستاویزات بشمول بینک اسٹیٹمنٹ، ملازمت کا ریکارڈ اور سفری تفصیلات کا تفصیلی جائزہ لیتا ہے، جس کے بعد ویزا جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

ویزے کے لیے درخواست دینے والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر کی تاریخ سے کافی پہلے درخواست جمع کرائیں، کیونکہ انٹرویو کے بعد ویزا پراسیسنگ میں عام طور پر 15 سے 20 دن کا وقت لگتا ہے۔

درکار اہم دستاویزات میں شامل ہیں:
سفر کی مکمل تفصیل یا تصدیق شدہ شیڈول، واپسی کے ٹکٹ کا ثبوت، ملازمت کا معاہدہ یا گزشتہ دو سال کا ٹیکس ریکارڈ، گزشتہ چھ ماہ کا بینک اسٹیٹمنٹ، تین ماہ کی تنخواہ سلپس یا پنشن سرٹیفکیٹ، ہوٹل بکنگ یا دعوت نامہ، اور شینگن ممالک میں قابل قبول ہیلتھ انشورنس۔

مالی حیثیت کے حوالے سے اگرچہ کوئی باضابطہ “کم از کم بینک بیلنس” مقرر نہیں کیا گیا، تاہم فرانسیسی حکام عام طور پر روزانہ تقریباً 120 یورو کے اخراجات کو بنیاد بناتے ہیں اگر مسافر ہوٹل میں قیام کرے۔ جبکہ میزبان کے پاس قیام یا پہلے سے بک شدہ رہائش کی صورت میں یہ اندازہ 65 سے 110 یورو روزانہ تک ہوتا ہے۔

اس حساب سے اگر کوئی شخص 90 دن کے لیے ہوٹل میں قیام کا ارادہ رکھتا ہے تو اسے تقریباً 10 ہزار 800 یورو (یعنی 35 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کے مالی وسائل ثابت کرنا ہوں گے۔

ماہرین کے مطابق بینک اسٹیٹمنٹ میں مستقل آمدن، باقاعدہ لین دین اور واضح مالی سرگرمی ویزا منظوری کے امکانات کو بہتر بناتی ہے، جبکہ مشکوک یا غیر فعال اکاؤنٹ درخواست مسترد ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔

Related Posts