روس سے تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہیں۔شاہ محمود قریشی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ روس سے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ پاکستان روس سے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت کثیر الجہتی تعاون کیلئے پر عزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقعے پر روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاؤروف سے ملاقات کی۔ اس دوران خطے کی صورتحال اور پاک روس تعلقات سمیت دیگر اہم امور زیر غور آئے۔

روسی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور وفود کے تبادلوں اور ایس سی او سمیت کثیر الجہتی تعاون کیلئے پر عزم ہے۔ اس دوران افغانستان کی صورتحال اور خطے کے دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

افغانستان کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک میں خوراک اور ادویات کی قلت دور کرنے کیلئے افغانستان کو امداد کی فوری ضرورت ہے۔ بین الاقوامی برادری ایسی صورتحال میں افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔

پاک روس تعلقات کے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبے دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد ہیں۔ پاکستان رواں برس کے آخر میں روس سے تجارت و سرمایہ کاری اور عالمی سرکاری کمیشن کے انعقاد کا منتظر ہے۔

اس دوران پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خارجہ نے روس کے تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلبہ کیلئے وظائف میں اضافے پر روسی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاک روس تعلقات باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔

  یہ بھی پڑھیں: افغان انسانی المیے کو روکنا  ضروری ہے۔وزیراعظم