اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوران عوام اپوزیشن کی دھوکے کی سیاست مسترد کردیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حالیہ گیلپ سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ہم پر اعتماد کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات، سروے زمینی حقائق سے تعلق نہیں رکھتے۔ناصر شاہ
پیغام میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیری عوام کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے اور پی ٹی آئی عوام کی 44فیصد حمایت کے ساتھ اہم جماعت بن کر ابھری ہے۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان شاء اللہ عوام کشمیر کے حقیقی سفیر عمران خان کیلئے ووٹ دیں گے اور اپوزیشن کی دھوکے اور جھوٹ پر مبنی سیاست مسترد کردی جائے گی۔
The recent Gallup survey has shown how the ppl of Azad Jammu Kashmir have confidence in the leadership of PM @ImranKhanPTI. PTI has emerged as a clear front runner by 44%. Insha'Allah, ppl will vote for the true ambassador of Kashmir & reject opposition politics of deciet & lies. pic.twitter.com/C9ht0e5N9q
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) July 24, 2021
ٹوئٹر پیغام میں شیئر کیے گئے گیلپ سروے کے مطابق کشمیری عوام 67 فیصد وزیر اعظم عمران خان، 49 فیصد بلاول بھٹو زرداری اور 48فیصد شہباز شریف کی حمایت کرتے ہیں۔
گیلپ سروے کے مطابق ن لیگ کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں 46 فیصد جبکہ نائب صدر ن لیگ مریم نواز کے حق میں 45 فیصد آراء سامنے آئیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل آزاد جموں و کشمیر میں دھواں دھار انتخابی مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، انتخابات کل منعقد ہوں گے۔
آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کی انتخابی مہم ختم ہوچکی ہے۔ کشمیری عوام ووٹ کی پرچی سے اپنی قسمت کا فیصلہ کل کریں گے۔
ن لیگ کی مریم نوز، پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری اور پی ٹی آئی کی جانب سے وزیرِ کشمیری امور علی امین گنڈا پور کے علاوہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی انتخابی مہم چلائی۔
مزید پڑھیں: دھواں دھار انتخابی مہم ختم، آزاد کشمیر میں انتخابات کل منعقد ہوں گے