ملک میں کل سے آٹے کی سپلائی، 30 جون سے فلور ملیں بند کرنے کا اعلان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی : ٹرن اوور ٹیکس اور چوکر پرسیلز ٹیکس عائد کرنے کے خلاف پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے 23 جون کو آٹے کی سپلائی بند اور 30 جون سے ملک بھر کی فلور ملوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری محمد یوسف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 جون سے آٹے کی سپلائی بند کردیں جبکہ 24 جون سے دو روزہ ٹوکن ہڑتال کی جائے گی۔

چوہدری محمد یوسف نے مزید کہا کہ ملک میں کبھی بھی چوکر پر سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا گیا لیکن رواں بجٹ میں چوکر پر 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہونے سے آٹے کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ ہوجائے گا۔

چیئرمین پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن چوہدری یوسف نےبتایا کہ ملک میں آٹے کی سالانہ کھپت 30 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے،مقامی ضروریات پوری کرنے کے لیے اگست میں فوری طور پر 30 سے 40 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنا ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد چینی بھی مہنگی ہوگئی

انہوں نے بتایا کہ فلور ملوں پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح بھی 0.2 سے بڑھا کر 1.25 فیصد کردی گئی۔ ان ٹیکسوں سے عام آدمی کی جیب پر بوجھ بڑھ جائے گا اس لیے یہ ٹیکس فی الفور واپس لیئے جائیں۔

چیئرمین چوہدری محمد یوسف نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ اگر ٹوکن ہڑتال کے باوجود مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر کی فلورملیں 30 جون سے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال پر چلی جائیں گی۔ حکومت کی مسائل حل کرنے میں عدم دلچسپی کے باعث ہڑتال کے لیے مجبور ہوئے۔