اداکارہ و میزبان فضا علی کے ایک حالیہ طنزیہ بیان پر معروف گلوکار جواد احمد کا ردعمل سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے نہایت متوازن مگر واضح انداز میں اپنا موقف پیش کیا۔
واقعہ کچھ یوں ہے کہ فضا علی نے ایک نجی ٹی وی چینل کے عید اسپیشل شو میں شرکت کے دوران شریک مہمانوں کے بارے میں دلچسپ اور بعض اوقات طنزیہ ریمارکس دیے۔
گلوکار جواد احمد بھی اس شو کا حصہ تھے، شو کے دوران ہنسی مذاق کے ماحول میں فضا علی نے کہا کہ اگر جواد احمد گلوکار نہ ہوتے تو وہ دھوبی ہوتے کیونکہ وہ دوسروں کو ‘اچھی طرح دھونا‘ جانتے ہیں۔
اس بیان کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ ملی اور اسے مختلف انداز میں لیا گیا، کچھ صارفین نے اسے مزاحیہ انداز میں دیکھا، جبکہ کئی افراد نے اسے غیرمناسب اور توہین آمیز سمجھا۔
جواد احمد نے اس بیان پر خاموشی اختیار کرنے کے بجائے اپنی رائے کا شائستہ انداز میں اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب فضا علی پہلی بار مجھ سے ملیں تو وہ میری گلوکاری کی بڑی مداح تھیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ میرے گانے اکثر سنا کرتی تھیں۔
گلوکار نے مزید کہا کہ فضا علی نے ڈرامہ سیریل ‘مہندی’ میں اداکاری کی، جس میں میرا گانا شامل تھا، مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ میری موسیقی نے ان کے کریئر کے ابتدائی دنوں میں کچھ نہ کچھ اثر ضرور ڈالا۔
جواد احمد کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ فضا علی کا بیان وقتی مذاق یا غیر ارادی طنز ہو سکتا ہے لیکن ایسے تبصروں میں احتیاط برتنی چاہیے کیونکہ یہ کسی کی محنت، فن اور کریئر پر اثر ڈال سکتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے ہمیشہ عزت دی ہے اور چاہتا ہوں کہ ہم سب میڈیا پر ایک دوسرے کی عزت کے ساتھ بات کریں، اختلاف رائے یا ہنسی مذاق اپنی جگہ لیکن احترام سب سے ضروری ہے۔
جواد احمد کے اس مہذب اور مدبرانہ جواب کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، اور بہت سے لوگوں نے ان کے تحمل اور وقار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔