کراچی میں 15 جولائی سے مون سون سیزن کا آغاز، جم کر باد ل برسیں گے

Met Office forecasts drizzle for Karachi

کراچی : محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 روز کے دوران شہر قائد میں بارش کی پیش گوئی کی ہے،اگلے تین روز کے دوران شہر کا مطلع مکمل ابرآلود رہنے کی توقع ہے تاہم صبح و رات کے اوقات میں ہلکی بارش اور بونداباندی ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تین روز کے دوران سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں بحال رہنے کا امکان ہے جب کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 15جولائی سے مون سون کی پہلی بارش متوقع ہے، 15 سے 17 جولائی تک مون سون کا پہلا اسپیل شہر میں برس سکتا ہے تاہم شہر میں مون سون کے تحت معتدل درجے کی بارش کا امکان ہے۔

مون سون کے پہلے اسپیل میں 10 سے 22 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ خلیج بنگال کے شمال مغرب میں 11جولائی کو بن سکتا ہے، مون سون کی نم ہوائیں گجرات کے راستے پاکستان میں داخل ہوں گی جب کہ 12 جولائی کو تھرپارکر اور ارگرد کے علاقوں میں بادل برس سکتے ہیں اور 12سے 13جولائی کے درمیان کراچی میں بھی ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

واض رہے کہ آج کراچی میں آسمان پر کالی گھٹائیں اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ،بارش سے شہر کی سڑکوں پر پھسلن سے 150سے زائد مقامات پر حادثات ہوئے سب سے زیادہ موٹرسائیکل سلپ ہونے کے واقعات ہوئے۔

مزید پڑھیں:کراچی میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار، ملک کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان

شارع فیصل پر نرسری سے میٹروپول ہوٹل تک ایک وقت میں 62سے زائد موٹرسائیکلیں سلپ ہوئیں حادثات کی وجہ سے کچھ دیر کو شارع فیصل کو ٹریفک کے لئے بند کرنا پرا شاہین کمپلیکس کے قریب سوزوکی ہائی روف اور رکشے میںتصادم ہو گیا، جناح اور سول اسپتال کے ایمر جنسی وارڈ زخمیوں سے بھر گئے تھے ۔

ڈاکٹروں کے مطابق حادثات میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ ہلکی پھوار سے کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ۔