واشنگٹن: امریکی ریاست کولوراڈو کے سپر اسٹور میں فائرنگ کے نتیجے میں پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابو کولوراڈو میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا ہے۔
عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ بعض عینی شاہدین نے کولوراڈو میں فائرنگ کے واقعے کو یوٹیوب پر براہِ راست نشر کیا جبکہ یہ واقعہ امریکا کے مقامی وقت کے مطابق پیر کے روز ڈھائی بجے دن کے وقت پیش آیا۔
مشتبہ شخص نے گروسری اسٹور میں داخل ہونے کے بعد فائرنگ شروع کردی جس کے بعد بولڈر پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک اسٹور میں گولیاں چلائی گئی ہیں جس کے متعلق ٹوئٹر پر پیغام بھی ارسال کیا گیا۔
بعد ازاں کئی گھنٹوں تک مشتبہ شخص کا محاصرہ کیا گیا جسے کولوراڈو کی کنگز سپر مارکیٹ سے حراست میں لیا گیا۔ گورنر کولوراڈو جیرڈ پولس کا کہنا ہے کہ تکلیف اور دکھ کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں عوام کے ساتھ ہیں۔ واقعے پر تفتیش جاری ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن کو مسلح شخص کی فائرنگ اور امریکی شہریوں کے جانی نقصان کے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔ امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں، 20 سے زائد اہلکار زخمی