ہیڈ کانسٹیبل کی شہادت، پولیس وین پر فائرنگ کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: جی 13 میں پولیس وین پر فائرنگ کا مقدمہ انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل محمد قاسم نے جامِ شہادت نوش کیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ تھانہ گولڑہ کے علاقے جی 13 میں پیش آیا جس کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں قتل، اقدامِ قتل اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ واقعے میں زخمی ہونے والے سب انسپکٹر جمیل کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

مدعی مقدمہ سب انسپکٹر جمیل کا کہنا ہے کہ 7 مارچ 2021ء کی رات میری، ڈرائیور ہیڈ کانسٹیبل محمد قاسم اور گن مین کانسٹیبل قیصر عباس کی ڈیوٹی سیکٹر جی 13 اور جی 14 میں پٹرولنگ کی تھی اور ہم اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ ڈیوٹی کے دوران کنٹینر چوک پر اسٹریٹ لائٹس کی روشنی میں ہم نے گاڑی کھڑی کردی۔

سب انسپکٹر جمیل نے مقدمے کے متن میں کہا کہ ہم سرچنگ کیلئے رکے تھے۔ میں فرنٹ سیٹ پر بیٹھا تھا جبکہ ڈرائیور اور گن مین باہر کھڑے تھے۔ 10 بج کر 25 منٹ پر ایک 125 موٹر سائیکل پر 2 افراد گاڑی کی عقبی سمت سے آئے اور فائرنگ شروع کردی جو فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل پر ہی موقعے سے فرار ہو گئے۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آ کر تینوں پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ ہیڈ کانسٹیبل محمد قاسم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ ملزمان اگر سامنے آگئے تو ہم شناخت کرسکتے ہیں۔ تھانہ سی ٹی ڈی نے مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیش شروع کردی ہے۔ 

یاد رہے کہ جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں گزشتہ روز 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے جن میں ہیڈ کانسٹیبل قاسم اور ایس ایچ او عمران عباس شامل ہیں جو راولپنڈی میں شہید ہوئے۔

موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی۔ ملزمان کی فائرنگ سے ایک سب انسپکٹر اور پولیس کے 2 جوان زخمی ہو گئے۔ سب انسپکٹر جمیل، ہیڈ کانسٹیبل قاسم اور کانسٹیبل قیصر زخمیوں میں شامل تھے۔

مزید پڑھیں:  ملزمان کی پولیس پر فائرنگ، ایس ایچ او اور ہیڈ کانسٹیبل شہید