وزیرِ اعظم کا احساس پروگرام، حکومت کا 70لاکھ مستحق خواتین کو امداد دینے کا اعلان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت وفاقی حکومت نے 70 لاکھ ضرورت مند خواتین کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے انسدادِ غربت اور احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اقوامِ متحدہ کے تحت ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ انصاف حکومت ملک بھر میں تقریباً 70 لاکھ خواتین کو احساس کفالت پروگرام کے تحت امداد مہیا کرے گی۔

معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پروگرام کے تحت حکومت ہر ضرورت مند خاتون کو ماہانہ 2 ہزار روپے کی مالی امداد مہیا کرے گی جس سے قبل ایک سروے بھی کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ احساس کفالت پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع ہوچکا ہے جس کے تحت ہزاروں افراد کی مالی امداد جاری ہے۔

قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے راولپنڈی کا دورہ کیا اور احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت مستحق خاندانوں کو مہیا کی جانے والی مالی امداد کا جائزہ لیا۔ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت 70 لاکھ مستحق خاندانوں کو امداد دینے کا آغاز گزشتہ ماہ کیا۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کسی پر احسان نہیں ہے جبکہ وفاقی حکومت مستحقین کی امداد کرتی رہے گی۔ 

 راولپنڈی میں احساس پروگرام کے دوسرے مرحلے کے دوران گزشتہ ماہ ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کے غریب اور نادار لوگوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت دی جائے گی۔ گھروں کی تعمیر کیلئے بلا سود قرضے بھی دئیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: احساس پروگرام کسی پر احسان نہیں، مستحقین کی مدد کرتے رہیں گے۔وزیرِ اعظم