ورلڈ اربن فورم (WUF13) کا 13واں اجلاس آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری ہے، جس میں دنیا بھر سے نمائندے، شہری امور کے ماہرین اور پالیسی ساز شریک ہیں۔
اس فورم میں چیئرمین چنیسر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن فرحان غنی اور چیئرمین ضلع سانگھڑ سید ریاض حسین شاہ بھی شرکت کر رہے ہیں۔
ورلڈ اربن فورم کا مرکزی موضوع “سب کے لیے رہائش: محفوظ اور پائیدار شہر اور کمیونٹیز” ہے، جس میں دنیا کو درپیش ہاؤسنگ کے مسائل، سستی رہائش کے حل اور پائیدار شہری ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔
فورم کے دوران فرحان غنی نے عالمی سطح پر رہائشی بحران، کم لاگت ہاؤسنگ اور شہری سہولیات کی فراہمی سے متعلق مسائل پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں جدید انفراسٹرکچر، پائیدار شہری ترقی، کچرے کے انتظام اور ڈیجیٹل تبدیلی جیسے موضوعات پر بھی گفتگو کی جا رہی ہے۔
مختلف ممالک کے نمائندے محفوظ، ماحول دوست اور پائیدار شہروں کے قیام کے لیے تجاویز پیش کر رہے ہیں، جبکہ ماہرین موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے رہائشی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
یہ فورم UN-Habitat کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں افتتاحی و اختتامی سیشنز، اسمبلیاں، گول میز مباحثے اور پالیسی ڈائیلاگ شامل ہیں۔ غیر رسمی آبادیوں کی بہتری، جدید ہاؤسنگ فنانس ماڈلز اور شہری ترقی میں خواتین، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کے کردار پر بھی خصوصی سیشنز ہو رہے ہیں۔
باکو میں جاری یہ ورلڈ اربن فورم 22 مئی تک جاری رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








