واٹر بورڈ اینٹی تھیفٹ سیل کے ملازمین نے غیر قانونی کنکشن مافیا سے گٹھ جوڑ کرلیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

واٹر بورڈ اینٹی تھیفٹ سیل کے ملازمین نے غیر قانونی کنکشن مافیا سے گٹھ جوڑ کرلیا
واٹر بورڈ اینٹی تھیفٹ سیل کے ملازمین نے غیر قانونی کنکشن مافیا سے گٹھ جوڑ کرلیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: واٹر بورڈ میں ایس این ای و بجٹ کے بغیر قائم اینٹی تھیفٹ سیل کو افسران و ملازمین نے اوپر کی کمائی کا ذریعہ بنالیا ہے، اینٹی تھیفٹ سیل (اے ٹی ایس)کے انچارج عبدالواحد شیخ کے پاس تہرے چارج ہونے کے باعث وہ کسی بھی عہدے سے انصا ف نہیں کرپارہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات کے باوجود عبدالواحد شیخ غیر قانونی ہائیڈرنٹس بند کرانے کے بجائے اپنی ماہانہ اورہفتہ واری پیکج لینے کے بعدپا نی چوری کرانے میں مصروف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زبانی ہدایات پر غیر قانونی قائم ہونے والے اینٹی تھیفٹ سیل (اے ٹی ایس)نے شہر میں غیر قانونی کنکشن، منی ہائیڈرنٹس، زیر زمین لائنوں کے کام، چھوٹے ٹینکوں پر پانی کی ترسیل سمیت منگھو پیر، گلشن اقبال، شاہراہ فیصل میں باقاعدہ ہائیڈرنٹس کی کھلے عام اجازت دی ہوئی ہے، جہاں سے شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرکے شہریوں کو مہنگے داموں ٹینکروں کے ذریعے فروخت کیا جارہا ہے۔

اینٹی تھیفٹ سیل کے انچارج عبدالواحد شیخ حب ٹرنک مین (ایچ ٹی ایم)کے ایگزیکٹیو انجینئر ہیں، جن کی وجہ سے حب ڈیم سے آنے والی ریزر وائر کے بعد بڑی بلک لائنوں پر جہاں سرکاری ہائیڈرنٹ کو میٹروں کے بغیر پانی کی فراہمی جارہی ہے وہیں پر بڑی لائنوں سے غیر قانونی کنکشن حاصل کرکے ہائیڈرنٹس بنائے گئے ہیں، جس کی وجہ بلدیہ، سائٹ سمیت دیگر متعلقہ علاقوں کوپانی کی مکمل فراہمی نہیں ہو رہی ہے۔

سپریم کورٹ کے احکامات کے برعکس اس وقت عبدالواحد شیخ کے پاس حب ٹرنک مین کے علاوہ بھی دو چارج ہیں جن میں سے انچارج آفسیر اینٹی تھیفٹ سیل خود ایک کل وقتی کام ہے جب کہ اس کے علاوہ ان کو تیسرا اہم عہدہ زیر زمین پانی کے لائسنس کے اجرا کے لئے قائم کمیٹی میں سیکرٹری بنایا گیا ہے، مذکورہ دو اورتین عہدوں کی وجہ سے جہاں اہل اور دیگر افسران کی حق تلفی ہو رہی ہے وہیں پر توہین عدالت کا بھی ارتکاب کیا جارہا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ عبدالواحد شیخ کی من مانیوں کی وجہ سے چیف انجینئر(آئی پی ڈی)سعید شیخ نے بھی عبدالواحد شیخ سے ہاتھ کھینچ لیا ہے، جس کی وجہ سے پانی کے غیر قانونی دھندے سے وابستہ متعددافراد سے عبدالواحد شیخ نے براہ راست سیٹنگ کرنا شروع کردی ہے اور وزیر بلدیات کے نام پر بھی باقاعدہ بڑی رقم لیکر اوپر کے افسران کو ان کا بھی حصہ نہیں پہنچایا ہے۔

عبدالواحد شیخ نے ا یم کیو ایم کی زیلی تنظیم اے پی ایم ایس او کے پرانے کارکن عمران خان کو بھی اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے جو عبدالواحد شیخ کا فرنٹ مین بھی ہے، عمران نے شہر کے درجنوں غیر قانونی پانی کا دھندہ کرنے والوں سے بڑی رقم حاصل کی او ر عبدالواحد شیخ کے علم میں  نہیں لائے ہیں۔حال ہی میں عمران نے لانڈھی میں زینتھ فلٹر پلانٹ کی ڈھائی کروڑ مالیت کی مشینری کو نقصان پہنچا کر پانی کا غیر قانونی کنکشن ثابت تک نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے اب عبدالواحد شیخ کیخلاف عدالت میں توہین عدالت کی کارروائی کی تیاری کی جارہی ہے،عمران نے غریب آباد ریلوے لائن کے قریب واقعہ ڈوگر کے منی ہائیڈرنٹ کو دیگر سب انجینئرزاور عبدالواحد شیخ کو لاعلم رکھ کر بحال کردیا ہے۔

اس کے علاوہ اینٹی تھیفٹ سیل میں اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر(اے ای ای)جمیل الدین کو بھی کھلی چھٹی دی ہوئی ہے جس میں شہر میں  زیر زمین پانی کے کام کرنے والوں سے اپنا دھندہ شروع کررکھا ہے، جب کہ سب انجینئر ارشاد نے بھی منگھو پیر، سائٹ، ملیر ندی، کورنگی چیکو باغیچہ، بلال چورنگی عباسی ہوٹل کے پیچھے غیرقانونی سسٹم کے جمعہ گوٹھ میں سوئمنگ پول کے نام پر چلنے والے غیر قانونی سسٹم سمیت مہران ٹاؤن بھینسوں کے باڑوں کے درمیان قائم غیر قانونی ہائیڈرنٹ سے اپنا بھتہ حاصل کرنا شروع کردیا ہے۔

اس حوالے سے اینٹی تھیفٹ سیل کے انچارج عبدالواحد شیخ کے دفتر اور ان سے بذریعہ فون بھی رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے فون ریسیو نہیں کیا، جب کہ سب انجینئرعمران خان نے موقف دیا کہ میں نے لانڈھی زینتھ فلٹر پلانٹ پر آپریشن کیا تھا مگر وہاں  غیر قانونی کنکشن نہیں تھا، عمران کا کہنا تھا کہ میں نے مقدمہ درج نہیں کرایا تھا مقدمہ ہماری طرف سے کوئی بھی افسر کر دیتا ہے، جب کہ ارشاد نے تسلیم کیا کہ اس نے صرف ایک دو جگہوں سے ہی پیسے لیئے ہیں اس کے علاوہ کسی سے غیر قانونی پانی کے دھندے میں ملوث افرادسے پیسے نہیں  لئے ہیں۔

مزید پڑھیں:واٹر بورڈ اینٹی تھیفٹ سیل نے عدالتی حکم امتناع کے باوجودزینتھ فلٹر پلانٹ توڑ دیا

دریں اثنا وائس چیئرمین واٹر بورڈ سید نجمی عالم کی زیر صدارت چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز میں شہر بھر میں پانی چوری روکنے کے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم ڈی واٹر بورڈ فریدہ سلام، ڈی ایم ڈی ٹی ایس محمد ایوب شیخ، اسٹاف آفیسر ٹو وائس چیئرمین ندیم کرمانی، پرسنل سیکرٹری ٹو وائس چیئرمین آغا سعید، چیف سیکورٹی آفیسر واٹر بورڈ ریٹائرڈ کرنل ضیا زیدی، ریٹائرڈ میجر عبدالمجید اعوان، انچارج اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ عبدالواحد شیخ نے شرکت جس میں نجمی عالم نے کہا کہ اینٹی تھیفٹ سیل پانی چوری کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرے، غیر قانونی کنکشن منقطع اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار کرے، ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے، اور شہر میں ٹینکروں کے ذریعے مضر صحت پانی فروخت کرنے والی مافیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

Related Posts