ایلون مسک نے ٹوئٹر کی خریداری منسوخ کرنے کا عندیہ دیدیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

دنیا کے امیر ترین انسان، ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے کہا ہے کہ جب تک ٹوئٹر جعلی اکاؤنٹس کا مسئلہ حل نہیں کرتا، تب تک خریداری کے معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے اپریل میں ٹوئٹر کے فی شیئر کی قیمت 54 ڈالر سے زائد کی پیش کش کرکے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا تھا اور ٹوئٹر کے ڈائریکٹرز نے ان کی پیش کش کو قبول بھی کرلیا تھا۔

ٹوئٹر ڈائریکٹرز کی جانب سے پیش کش کو قبول کیے جانے کے بعد ایک طرح سے ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان خریداری کا معاہدہ بھی طے پاگیا تھا مگر تمام مالکانہ حقوق ایلون مسک کو منتقل نہیں ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: برقی ذرائع ابلاغ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

ایلون مسک پہلے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری طور پر نہ خریدنے کا عندیہ دے چکے تھے اور اب انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ جعلی اکاؤنٹس کا مسئلہ حل کیے بغیر معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایلون مسک نے 17 مئی کو واضح کیا کہ جب تک ٹوئٹر انتظامیہ ویب سائٹ پر موجود جعلی اکاؤنٹس سے متعلق حتمی اعداد و شمار جاری نہیں کرتی، تب تک پلیٹ فارم کو خریدنے کے معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بھی یہ دعویٰ کیا کہ ٹوئٹر پر 20 فیصد جعلی اکاؤنٹس موجود ہیں جب کہ ان کا شک ہے نقلی اکاؤنٹس کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہے۔

دنیا کے امیر ترین انسان نے اپنی ٹوئٹ میں یہ بھی کہاکہ ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) نے پلیٹ فارم پر موجود 5 فیصد جعلی اکاؤنٹس سے متعلق ڈیٹا بھی شائع کرنے سے گریز کیا۔

ایلون مسک نے کہا کہ جب تک ٹوئٹر پر جعلی اکاؤنٹس کے مسائل حل نہیں ہوتے، تب تک پلیٹ فارم کو خریدنے کے معاملات بھی آگے نہیں بڑھ سکتے۔

 یاد رہے کہ اس سے قبل 13 مئی کو بھی انہوں نے ٹوئٹر پر جعلی اکاؤنٹس پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے پلیٹ فارم کو فوری طور پر نہ خریدنے کا عندیہ دیا تھا۔