خیبرپختونخوا میں شدید بارش اور برفباری سے 8 افراد جاں بحق، 16 زخمی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کے باعث 8 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 16 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں بارش اور برف باری مسلسل جاری رہی، جس سے سڑکیں بند ہوگئیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ضلع شانگلہ اور صوبے کے دیگر مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

کالام، مہودھند، سانگر، گبن جبہ اور مالم جبہ سمیت میدانی اور پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ گزشتہ بدھ کو شروع ہونے والے دوسرے اسپیل کے دوران مسلسل بارش اور برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ سوات کے علاقے کالام، اترور، متلتان، اوشو، گبرال، مانکیال، بحرین، مالم جبہ اور گبن جبہ میں شدید برفباری شروع ہوگئی۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہدایات دیں کہ وہ الپوری میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن کو تیز کریں اور زخمیوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کریں۔

مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات نے مری میں مزید برفباری کی پیشن گوئی کردی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے کہا کہ مسافروں اور سیاحوں کی ہر ممکن مدد کی جائے، انہوں نے ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کریں۔