الیکشن کمیشن نے قبل از وقت انتخابات سے متعلق تمام خبروں کی تردید کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تین مہینے میں ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کو ناممکن قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری پیغام میں ای سی پی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ‘الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان نہیں جاری کیا گیا، ضروری وضاحت کی جاتی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے’۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریوں پر غور کرنے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی پی آئین پاکستان کے مطابق تمام قانونی ذمہ داریوں کو پوری کرے گا۔

مزید برآں ایک میڈیا رپورٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سینئر عہدیدارنے کہا ہے کہ کسی بھی طور پر تین ماہ کے اندر انتخابات کروانا ممکن نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی تیاری میں کم و بیش 6 ماہ درکار ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیاں وقت طلب کام ہے جس میں قانون کے تحت اعتراضات داخل کرنے کا وقت ایک ماہ ہے اور مزید ایک ماہ انہیں حل کرنے میں درکار ہوتا ہے لہٰذا اس تمام کام کو مکمل کرنے کے لیے کم از کم تین ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے جب کہ اس کے بعد ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ کرنا ایک بہت بڑا ٹاسک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کے لیے سامان کی خریداری، بیلٹ پیپر کا انتظام، پولنگ اسٹاف کی تعیناتی اور ان کی ٹریننگ بھی بڑے چیلنجز ہیں۔