بلوچستان میں سیلابی صورتحال، صوبے سے اندرون ملک ٹرین سروس معطل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے صوبے میں ٹرین سروس معطل، سیلاب میں پھنسے شہریوں کے لئے نقل و حمل مشکل ہوگئی۔

نصیرآباد میں ریلوے ٹریک بہہ جانے اور ہرک ریلوے پل ٹوٹ جانے سے بلوچستان سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس 10 روز سے جبکہ ایران کیلئے ایک ماہ سے معطل ہے۔

 ریلوے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگلے 15 روز تک صوبے کیلئے ٹرین سروس بحال ہونے کا امکان نہیں ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق 29 جولائی کو چاغی میں سیلابی ریلوں کے باعث بہہ جانے والی کوئٹہ تفتان سیکشن کی مرمت ایک ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے ایران کیلئے ٹرین سروس بند ہے ۔

صوبہ بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میں سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر سیلابی ریلوں کے بعد پڑنے والے شگاف کے باعث اندرون ملک کیلئے 10 روز سے ٹرین سروس بند تھی کہ 5 روز قبل ہرک پل بھی گرگیا، جس کی وجہ سے ٹرین سروس بدستور معطل ہے ۔

ڈی ایس ریلویز کوئٹہ نثا ر احمد خان نے اس حوالے سے بتایا کہ منگل کو چیف انجینیئر برج کی سربراہی میں لاہور سے ٹیم آرہی ہے، یہ ٹیم این ایل سی کے ساتھ  ہرک پل کاجائزہ لے گی جس کے بعد یہ معلوم ہوسکے گا کہ ہرک پل کی مرمت کا کام کب شروع کرنا ہے۔

 نثار احمد خان نے مزید کہا کہ اس پل کی مکمل مرمت میں کم ازکم 3 ماہ کا وقت درکار ہوگا جبکہ نصیر آباد میں ریلوے ٹریک کی مرمت میں مزید 15 دن لگ سکتے ہیں۔