لاہور میں حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کے خلاف نکالی جانے والی ریلی نے امریکی قونصلیٹ کا رُخ کرلیا۔
اتوار کو مختلف تنظیموں کی جانب سے حسن نصراللہ کی شہادت کے خلاف ملک بھر میں ریلیاں نکالیں۔ کراچی میں ریلی نمائش چورنگی سے امریکی قونصلیٹ کی طرف روانہ ہونے پر امریکن قونصلیٹ جانے والے راستے سیل کردیے گئے۔ ریلی کے مائی کولاچی روڈ پہنچنے پر انتظامیہ کی جانب سے کنٹینر لگا کر راستہ بند کردیا گیا۔ جس کے بعد مظاہرین نے وہیں دھرنا دے دیا۔
اسلام آباد میں حسن نصراللہ کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی، جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم نے حسن نصراللہ کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی ہال سے امریکی قونصلیٹ تک حمایت مظلومین فلسطین ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، مجلس وحدت مسلمین اور تحریک بیداری امت مصطفی کے قائدین نے کی۔
ریلی میں لاہور اور گرد و نواح سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے فلسطین کے پرچم، سید حسن نصراللہ کی تصاویر، بینرز اور احتجاجی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی اور امریکی پرچم سڑک پر بچھائے گئے تھے، جن کو شرکا اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ اظہار برات کرتے رہے۔