Friday, March 29, 2024

راولپنڈی، سردیوں کی سوغات، گاجر کے حلوے کی مانگ بڑھ گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی:سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی راولپنڈی کے قدیمی بھابڑا بازار میں 40 سالہ قدیم گاجر کا حلوہ بنانے والوں کے پاس جڑواں شہروں کے باسیوں کا رش شروع ہو جاتا ہے۔

دکان کے مالک نے ایم ایم نیوز کو بتایاکہ گاجر کے لذیر حلوے میں صرف چار چیزیں خصوصی طور پر تیار کی جاتی ہیں جن میں گاجر کا حلوہ، برفی اور گلاب جامن خالص دیسی گھی سے تیار کی جانے والی مٹھائیاں شہریوں کو بھا جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس اپنی ذاتی بھینسیں ہیں جن کے دودھ سے مٹھائی اور خالص دیسی گھی بناتے ہیں، ہم نے شروع سے ہی ایک معیار رکھا ہوا ہے، ایمانداری سے اپنا کام کرتے ہیں، کسی قسم کی کوئی ملاوٹ نہیں کرتے۔

ہمارے پاس جڑواں شہروں سے فیملیز سر شام آ جاتی ہیں، شہری گاجر کا حلوا،گلاب جامن اور برفی شوق سے کھاتے ہیں اور پیک کراکر ساتھ بھی لے جاتے ہیں ہماری سب سے زیادہ مشہور سوغات گاجر کا حلوہ ہے جو شادی بیاہ میں بھی خصوصی طور پر کھایا جاتا ہے اور اس کے بڑے بڑے آرڈرز بھی ہمیں ملتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سردیوں کے آغاز سے ہی ہماری دکان کی رونقیں بحال ہو جاتی ہیں، تقریباً پچاس سے زیادہ بھینسیں پال رکھی ہیں،جن کے دودھ سے ہم خالص دیسی گھی بھی بناتے ہیں ہمارا دیسی گھی بھی مشہور ہے۔

لوگ دور دراز سے خریدنے آتے ہیں،ہماری کوشش ہوتی ہے کہ گاہک کو پورا تول دیا جائے،خالص چیز دی جائے اور ایمانداری سے کام کیا جائے ملاوٹ نہ کی جائے،ہماری کامیابی کی بنیادی وجہ ایمانداری اور صفائی ستھرائی ہے۔