چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 304 ہو گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بیجنگ: ہمسایہ ملک چین میں کورونا وائرس کے باعث متاثر اور ہلاک ہونے والے افراد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ اب تک وائرس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 304 ہو گئی۔

چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کورونا وائرس صوبہ ہوبائی کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ صوبہ ہوبائی میں مزید 1921 افراد کے اجسام میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

چینی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 13 ہزار 700 ہو گئی ہے جبکہ صوبہ ہوبائی میں کورونا سے مزید 145افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

کورونا وائرس تشویشناک حد تک تیزی سے پھیل رہا ہے۔ وائرس کے باعث ہلاکتوں میں 145 افراد کے اضافے کے بعد اب تک ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 304 ہوگئی ہے جبکہ ہسپتالوں کی تعمیر جاری ہے۔

عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے پر عزم ہے۔ چین میں کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے 2 ہسپتالوں کی تعمیر جاری ہے جنہیں جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل  ڈاکٹر ظفر مرزا نےکہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد سے متعلق حکومت نے چین کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق کوئی بھی پاکستانی 14دن نگہداشت میں رہے بغیر چین نہیں چھوڑ سکتا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے  گزشتہ روز پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا  کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستانیوں کو واپس وطن نہ لانے کے فیصلے پر قائم ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستانیوں کو واپس نہ لانے کے فیصلے پر قائم ہیں۔ ظفر مرزا