سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، مطلوب دہشت گرد جان عالم کو گرفتارکر لیا گیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، مطلوب دہشت گرد جان عالم کو گرفتارکر لیا گیا
سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، مطلوب دہشت گرد جان عالم کو گرفتارکر لیا گیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب دہشت گرد جان عالم کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے گرفتار کیے گئے دہشت گرد جان عالم کا تعلق تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے۔ گرفتار دہشت گرد ڈی ایس پی بہاؤ الدین بابر سمیت متعدد پولیس کے متعدد افسران اور اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ہے۔

محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق جان عالم نے انسپکٹر شفیق تنولی پر خودکش دھماکا کرنے کا اعتراف بھی کیا جبکہ انچارج سی ٹی ڈی کراچی ٹو شاہد کریم نے کہا کہ مبینہ دہشت گرد نے افغانستان سے تربیت حاصل کر رکھی ہے۔

انچارج سی ٹی ٹی کراچی ٹو شاہد کریم نے کہا کہ ملزم پریشر ککر بم، ٹینس بال بم اور موٹر سائیکل بم بنانے کا ماہر ہے جبکہ ٹی ٹی پی سوات ملا فضل اللہ گروپ کے کمانڈر شیر بہادر کی ہلاکت کے بعد ملزم کو کمانڈر مقرر کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کراچی ٹو کے انچارج شاہد کریم نے کہا کہ ملزم کے دیگر تین ساتھی بھی سی ٹی ڈی ریڈ بک میں شامل ہیں جبکہ ملزم نے 2013ء میں امام بارگاہ عزاء خانۂ کوثر میں 2 بم دھماکے کیے اور مومن آباد تھانے پر دستی بم سے حملہ اور دھماکا کیا۔

شاہد کریم نے کہا کہ 2013ء میں ملزم نے عائشہ منزل کے قریب موٹر سائیکل بم دھماکا کیا، 2014ء میں انسپکٹر شفیق تنولی پر پرانی سبزی منڈی میں خودکش حملہ کیا اور میٹروول سائٹ میڈیکل اسٹور پر پریشر ککر بم کے ذریعے دھماکا کیا۔

انہوں نے کہا کہ   2014 میں ڈی ایس پی بہاؤالدین بابر پرملزم نے  منصوبہ بندی سے حملہ کرکے انہیں شہید کیا۔ ملزم نے 2014ء میں سائٹ اے میٹروویل میں 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا۔

انسدادِ دہشت گردی کے مطابق سفاک دہشت گرد نے بیوی کے سگے چچا پولیس آفیسر پر جان لیوا حملہ کروایا جبکہ 2012ء میں اے این پی کے کارکن امیر سردار کا قتل کیا، پھر شہر اور ملک میں دہشت گردی کا خوف بڑھانے کے لیےامیر سردار کی قبر پر پریشر ککر بم سے دھماکہ کیا۔

ادارے کے مطابق دہشت گرد نے 2013ء میں اے این پی سندھ کے جنرل سیکرٹری بشیر جان پر بم دھماکا کیا۔گرفتار مبینہ دہشت گرد سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اہم شخصیات نے دہشت گرد کی گرفتاری پر سی ٹی ڈی پولیس کی کار کردگی کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا ہے۔

Related Posts