کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اومی کرون ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے صورتحال ایک بار پھر تیزی سے بگڑتی دکھائی دے رہی ہے۔

کراچی میں صورتحال ابتر ہے جہاں مثبت کیسز کا تناسب 18 فیصد کی خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے۔ اومی کرون کے 805 سے زیادہ کیسزایک ہی دن میں رپورٹ ہوئے۔ حکام بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کے طریقے طے کر رہے ہیں لیکن لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر ابھی تک قائل نہیں ہیں۔

سنگین خطرہ ہے کہ آنے والے دنوں میں صورتحال خطرناک ہو سکتی ہے کیونکہ ہسپتالوں میں مریضوں کا دباؤ بڑھنا شروع ہوگیا ہے،محکمہ صحت کے حکام نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اقدامات کا سلسلہ تیز کردیا ہے جبکہ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ خواتین کو کورونا کی نئی قسم سے زیادہ خطرات درپیش ہیں کیونکہ گھریلو خواتین تاحال ویکسی نیشن نہیں کرواپائی ہیں۔یہ تکلیف دہ بات ہے کہ بہت سے لوگ اب بھی ویکسین پر قائل نہیں ہیں۔

موجودہ صورتحال جزوی طور پر ہماری خوش فہمی ہوسکتی ہے لیکن درحقیقت شادیوں کی تقریبات اورسردی کے موسم میں حفاظتی احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے سے بھی کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور حالات کی سنگینی کا ادراک کرنے کے بجائے ملک میں تقریبات کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

حکومت کی جانب سے عوام کو ویکسین لگوانے کیلئے ہدایات دی جارہی ہیں تاہم یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ ویکسین لگوانے والے افراد بھی کورونا خاص طور پر اومی کرون کا شکار ہورہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ امسال کورونا کے خاتمے کیلئے مشکل فیصلے کرنا ہونگے تاہم ایسا لگتا ہے کہ اس کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ ریاستہائے متحدہ امریکا نے ایک دن میں ایک ملین سے زیادہ کیسوں کے ساتھ عالمی ریکارڈ کو توڑ دیا ہے، برطانیہ میں بھی کیسز بڑھ رہے ہیں جبکہ چین نے بھی انتباہ جاری کردیا ہے۔

اس وقت یہ ضروری ہے کہ ہم حکومتی ہدایات پر دھیان دیں اور وبائی مرض سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عمل کریںتاہم حالات کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہری وباء کے جلد خاتمے کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں۔

Related Posts