کراچی،2سال قبل13سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی کا کیس،عدالت نے 6 ملزمان کو بری کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی میں 2 سال قبل 2018ء میں 13 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی کی گئی جس پر 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، آج عدالت نے عدم شواہد کی بناء پر 6 ملزمان کو بری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سن 2018ء میں 13 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی کے کیس کی سماعت آج ہوئی جس کے بعد عدالت نے 2 خواتین سمیت 6 ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے 2 خواتین سمیت 6 ملزمان کو عدم شواہد کی بنیاد پر مقدمے سے بری کردیا۔ بری ہونے والوں میں گل نساء، دُعا، بدر عالم، عاقب کیانی، عمران اور محمد ارشد نامی ملزمان شامل ہیں۔

مقدمے کی سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے ملزمان کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکلین کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ درج کرنے میں 7 روز کی تاخیر کی گئی جبکہ واقعے کا کوئی عینی شاہد بھی دستیاب نہیں۔

ملزمان کے وکیل نے کہا کہ گواہوں کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے جبکہ میڈیکل شواہد بھی ناکافی ہیں۔ سرکاری وکیل نے ملزمان کو بری کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے ملزمان کی درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دے دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے کورنگی سے 13 سالہ بچی کو بدری عالم، گل ناز اور دعا نے اغواء کیا۔ ملزم ارشد سمیت دیگر ملزمان نے بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اغواء کے بعد 8 روز تک مختلف مقامات پر زیادتی کی گئی۔

بچی کے ساتھ ہونے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ بچی کو نشہ آور ادویات پلائی گئیں، انجکشن لگائے گئے اور سگریٹ سے جلایا گیا۔ ملزمان کے خلاف کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں مقدمہ درج تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گولیمار میں فائرنگ سے نوجوان زخمی، ٹرین نے 45 سالہ شخص کو کچل دیا