ایک پراسرار یوٹیوب چینل کی جانب سے اپ لوڈ کی گئی ایک عجیب و غریب ویڈیو نے دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو حیرت اور خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ بظاہر یہ ویڈیو مکمل طور پر سیاہ اسکرین پر مشتمل ہے جس میں نہ کوئی آواز ہے نہ کوئی حرکت تاہم سب سے چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ اس ویڈیو کا دورانیہ یوٹیوب پر 140 سال سے زائد دکھایا جا رہا ہے۔
یہ ویڈیو 5 جنوری 2026 کو یوٹیوب چینل سے اپ لوڈ کی گئی۔ حیران کن طور پر چینل کی لوکیشن شمالی کوریا ظاہر کی جا رہی ہے حالانکہ وہاں یوٹیوب تک رسائی ممکن نہیں۔ ویڈیو کے تھمب نیل اور تفصیلات میں اس کا دورانیہ 1,234,567 گھنٹے درج ہے جو تقریباً 140 برس بنتا ہے تاہم حقیقت میں یہ ویڈیو صرف 12 گھنٹے 34 منٹ چلنے کے بعد خود بخود ختم ہو جاتی ہے۔
اس معاملے نے اس وقت مزید سوالات کو جنم دیا جب صارفین نے نشاندہی کی کہ یوٹیوب پر عام طور پر زیادہ سے زیادہ 12 گھنٹے تک کی ویڈیو ہی اپ لوڈ کی جا سکتی ہے وہ بھی صرف تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے ذریعے۔ ایسے میں 140 سالہ دورانیہ دکھایا جانا بظاہر ناممکن معلوم ہوتا ہے۔
ٹیکنالوجی کے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ یوٹیوب کے سسٹم میں کسی تکنیکی خرابی (گلیچ) کا نتیجہ ہو سکتا ہے جس کے باعث ویڈیو کے دورانیے کا حساب لگاتے ہوئے ملی سیکنڈز کی سطح پر ڈیٹا اوور فلو ہو گیا اور انتہائی غیر معمولی نمبر ظاہر ہونے لگا۔
اس پراسراریت میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب چینل کے مالک نے خود ایک تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ میری ویڈیوز لوگوں کو کیوں تجویز کی جا رہی ہیں؟ یہ چینل تو خفیہ ہونا چاہیے تھا۔
مزید برآں، ویڈیو کی تفصیل میں عربی زبان میں چند الفاظ اور علامتیں درج ہیں جن کا ترجمہ کچھ یوں بنتا ہے کہ آؤ، جہنم میں مجھ سے ملو، یہ جملہ صارفین کے لیے خاص طور پر خوف اور بے چینی کا باعث بنا۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے حوالے سے ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کچھ صارفین نے اسے مستقبل کی کسی بڑی سازشی کہانی کی ابتدا قرار دیا جبکہ بعض نے اندازہ لگایا کہ یہ یوٹیوب کا کوئی خفیہ تجربہ یا پھر Alternate Reality Game (ARG) ہو سکتا ہے۔ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ویڈیو کو رپورٹ کر دیا جائے تاکہ یوٹیوب انتظامیہ کو پوری 140 سالہ ویڈیو دیکھنی پڑے۔
فی الحال یہ ویڈیو یوٹیوب پر موجود ہے اور لاکھوں افراد اسے دیکھ چکے ہیں۔ اگرچہ ماہرین اسے محض ایک تکنیکی خرابی قرار دے رہے ہیں تاہم ویڈیو کی خفیہ نوعیت شمالی کوریا سے منسوب لوکیشن اور جہنم سے متعلق پیغام نے اسے واقعی خوفناک اور پراسرار بنا دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








