لاہور: ملک کے مشہورومعروف دانشور، سینئر تجزیہ کار اور کالم نگار اجمل نیازی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 75سال تھی۔
تفصیلات کے مطابق اردو زبان کے نامور شاعر، صحافی اور کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی کا انتقال طویل علالت کے بعد لاہور میں 17 اور 18 اکتوبر کی درمیانی شب ہوا۔
خرم شیر زمان کی والدہ کا انتقال، مذہبی و سیاسی رہنماؤں کا اظہارِ افسوس
شرمیلا فاروقی کے والد،سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل عثمان فاروقی انتقال کرگئے
ڈاکٹر اجمل نیازی 16 ستمبر 1946 کے روز ضلع میانوالی کے علاقے موسیٰ خیل میں پیدا ہوئے اور تحصیل علم کے بعد صحافت اور اردو ادب سے وابستہ ہوئے۔
زمانہ طالب علمی میں ہی ڈاکٹر اجمل نیازی نے راوی اور محور نامی جریدوں کی ادارت کے فرائض سنبھالے، گارڈن کالج راولپنڈی اور گورنمنٹ کالج میں لیکچرر بھی رہے۔
اس کے بعد ڈاکٹر اجمل نیازی نے گورنمنٹ کالج لاہور ایف سی کالج میں بھی درس و تدریس کے شعبے میں خدمات سرانجام دیں۔
مقامی اخبار روزنامہ نوائے وقت میں ڈاکٹر اجمل نیازی نے بے نیازیاں کے عنوان سے طویل عرصے تک کالم نگاری کی۔ ان کی ادب اور صحافت کیلئے خدمات 45سال پر محیط ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق اجمل نیازی کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر وحدت کالونی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ ملک کی معروف شخصیات نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیاہے۔