اسلام آباد میں منگل کی صبح درجہ حرارت منفی نقطہ انجماد تک پہنچ گیا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی نقطہ انجماد تک پہنچ گیاہے اور موسم پورے دن سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مزید شمال کی طرف مری، گلیات اور آس پاس کے علاقوں میں اس سے بھی زیادہ سرد موسم کا سامنا ہوگا۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے، خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں موسم انتہائی سرد اور خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔
پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں سرد موسم ہوگا جبکہ بالائی علاقوں میں صبح کے وقت دھند اور ہلکی دھند چھائی رہے گی۔ ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، رحیم یار خان اور بہاولپور میں ہلکی دھند کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کیا لاہور کینال پروجیکٹ میں شہر کا پہلا تیرتا ہوا ریسٹورنٹ بھی شامل ہوگا؟
سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ سکھر، کشمور، جیکب آباد، موئن جو دڑو اور آس پاس کے علاقوں میں ہلکی دھند کی پیش گوئی کی گئی ہے۔بلوچستان کے شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا اور پورے خطے میں سرد اور خشک موسم کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں درجہ حرارت درج کیے گئے، چترال، ایبٹ آباد، راولا کوٹ، اور مری میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ، بگروٹ، گلگت اور ہنزہ میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ، دیر میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ، مالم جبہ، استور اور کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ، سکردو اور قلات میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ، گوپس یاسین میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ، اور لیہ میں منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔