کوسٹ گارڈز کی کوششوں سے منشیات و انسانی اسمگلنگ میں کمی آئی ہے، شیخ رشید

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Coast Guard efforts reduce drug and human trafficking: Sheikh Rashid

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوسٹ گارڈز نے ملک دشمن عناصر بالخصوص منشیات اور انسانی اسمگلروں کے خلاف ہمیشہ نہایت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان کوسٹ گارڈز کی کوششوں کی وجہ سے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

آج پاکستان کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹرکورنگی میں 40ویں ریکروٹس دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈکی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔

پریڈ کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد تھے جبکہ سول اور مسلح افواج کے اعلیٰ افسران،معززین ِعلاقہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اشخاص اور پاس آوٹ ہونے والے ریکروٹس کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دوران ٹریننگ نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم فرما کراِن کی حوصلہ افزائی کی،پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ محمد انتظار کو ڈائریکٹر جنرل پی سی جی اعزازی ٹرافی سے نوازاگیا۔

دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ ضرارحسین کو میڈل سے نوازاگیا۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ خاورحسین کو بھی میڈل سے نوازاگیا۔

مہمان خصوصی وزیرداخلہ شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کیا اورپاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کا شمار ملک کی ایک اہم اور باوقار فورس کے طور پرکیا جاتا ہے جو بیک وقت سمندر اور زمین پر تعینات ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے دو صوبوں سندھ اور بلوچستان میں اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے جو اس کو دیگر نیم فوجی اداروں سے ممتاز کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک افواج پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہیں، شیخ رشید احمد

پاکستان کوسٹ گارڈز نے ملک دشمن عناصر بالخصوص منشیات اور انسانی اسمگلروں کے خلاف ہمیشہ نہایت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کی انہی کوششوں کی وجہ سے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام میں خاطر خواہ کمی آئی ہے جس پر یہ ادارہ بلاشبہ تعریف کا مستحق ہے۔

مہمان خصوصی کا کہنا تھاکہ ہم سب ایک قوم ہیں اور سبزہلالی پرچم تلے متحد ہیں خواہ ہمارا تعلق پاک فوج، نیوی، ایئر فورس، رینجرز، ایف سی، اے ایس ایف،پولیس اور پاکستان کوسٹ گارڈز سے کیوں نہ ہو۔ آج ان تمام اداروں کے آفیسرز کی موجودگی ہماری اس قومی یگانگت اور اتحاد کا مظہر ہے۔

خطاب کے بعد پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔ آج کی اس پریڈ میں مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کے عزیز و اقارب بھی شامل تھے۔

جنہوں نے پریڈ کے ہر مرحلے پر ریکروٹس کو دل کھول کر داد دی اور اُن کے اعلیٰ پیشہ ورانہ کردار اور تربیت کے معیار کو سراہا۔

Related Posts