وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مسافروں کو ہوٹلوں میں غیر معیاری کھانا دینے کا نوٹس لے لیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور:  وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہوٹلوں میں مقیم قرنطینہ کیے گئے مسافروں کو غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے غیر معیاری کھانے کی شکایت پر فوری طور پر انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر معیاری اور مہنگے کھانے کی شکایت کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ ہوٹلوں میں مقیم قرنطینہ کیے گئے مسافروں کو معیاری اور مناسب نرخوں پر کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ  ہوٹلوں کو قرنطینہ مسافروں کے لئے مہنگے داموں غیر معیاری کھانا فراہم کرنے کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں قرنطینہ مسافروں کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔ مہنگے داموں غیرمعیاری کھانے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہوگی جبکہ بیرون ملک سے آنے والے ہوٹلوں میں کورنٹائن ہونے والے مسافروں نے ہوٹلز انتظامیہ کے متعلق شکایت کی تھی۔