قندہار:جنوبی افغانستان کے صوبہ قندہار میں افغان فورسز اور طالبان کے مابین شدید لڑائی جاری ہے، جبکہ بم دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افغان شہری جاں بحق اور 38 دیگر زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح ضلع ارغستان میں سڑک کنارے نصب بم اس وقت دھماکہ سے پھٹ گیا جب ایک گاڑی اس سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچے سمیت 3 افغان شہری موقع پر جاں بحق اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ادھر قندہار کے ملحقہ اضلاع میں افغان فورسز اور طالبان کے مابین جھڑپیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں 5 افغان شہری فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک اور 26 دیگر زخمی ہوگئے۔
میرویس اسپتال کے انچارج کے مطابق ہلاک و زخمی مختلف اضلاع سے لائے گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی جان بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
مزید پڑھیں: روس کی امریکا کو افغانستان میں کارروائیوں کے لیے فوجی اڈے دینےکی پیش کش