امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایرانی کارگو جہاز کے خلاف کارروائی کی ویڈیو جاری کردی جس میں امریکی میرینر جہاز پر قبضہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، سینٹکام کا کہنا ہے کہ ایرانی جہاز اب امریکا کی تحویل میں ہے جس پر ایران نے سخت ردِ عمل دیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی میرین ڈیٹا سے تصدیق ہوتی ہے کہ ’ایم وی توسکا‘ نامی کنٹینر شپ ایرانی پرچم کے تحت رجسٹرڈ ہے، اور کارروائی سے قبل اس کی رفتار انتہائی کم، قریباً 1.2 ناٹس ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ ایرانی حکام کا ماننا ہے کہ امریکا نے یہ کارروائی کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرنے والے ایک ایرانی جہاز کو روک کر اپنے کنٹرول میں لے لیا جبکہ توسکا نامی یہ جہاز تقریباً 900 فٹ طویل اور ایک طیارہ بردار جہاز کے برابر وزنی بھی ہے۔
امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر نے خلیج عمان میں سفر کے دوران اس جہاز کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ایرانی عملے نے ہدایات نہیں مانیں، جس پر کارروائی کی گئی۔ صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی بحریہ نے جہاز کے انجن روم کو نشانہ بنایا اور اسے حرکت سے روک دیا۔
بعد ازاں امریکی میرینر نے ایرانی کارگو جہاز پر قبضہ کرلیا۔ امریکی حکومت کے مطابق جہاز کی تلاشی لی جارہی ہے تاکہ اس میں موجود سامان کی نوعیت جانچی جاسکے، تاہم ایرانی حکام نے امریکی بحریہ کی جانب سے کی گئی اس کارروائی کو جنگ بندی کی یکطرفہ خلاف ورزی کرتے ہوئے جواب دینے کا ارادہ ظاہر کردیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








