اعتماد کرنے والوں کا شکریہ، اللہ نے قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے، نگران وزیر اعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اُس نے قوم کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔

اپنے ایک بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں اُن سب لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، اس موقع پر رب کا شکر گزار ہوں کہ اُس نے مجھے پاکستانی عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ دعاؤ ں کا طلب گار ہوں، اللہ پاک مجھے باعزت طریقے سے قومی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا کریں۔

یہ بھی پڑھیں:

صدر مملکت نے انوارالحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تقرری کی منظوری دیدی

انوار الحق کاکڑ کی نگراں وزیراعظم تعیناتی کے بعد انہیں منسٹر انکلیو سے پنجاب ہاؤس سخت سیکیورٹی میں منتقل کردیا گیا جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ دو روز یہاں قیام کریں گے اور چودہ اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

پی ڈی ایم کی اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی نے نگراں وزیراعظم کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں نگراں وزیراعظم کی تقرری کے معاملے پر مشاورت میں شامل نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس میں ہمارا کوئی کردار ہے۔