صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کی رات 9بجے تک اجازت ہوگی، وزیر اعلیٰ سندھ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پالیسی فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کاروباری سرگرمیوں کو رات 9بجے تک کام کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ ریستوران کے بند کرنے کا وقت رات 10بجے تک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی ٹاسک فورس نے 15 ستمبر سے پورے صوبے میں تعلیمی، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جیسا کہ این سی سی نے تجویز کیا تھا، لیکن صوبائی حکومت آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں ایک بار پھر صورتحال کا جائزہ لے کر اس منصوبے پر آگے بڑھے گی۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سی سی آئی اجلاس کے فوراً بعد ہی وزیر اعظم نے 6 اگست کو اسلام آباد میں این سی سی اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں اور دیگر سمیت تمام کاروباری سرگرمیوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تاہم یہ فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومتیں حتمی فیصلے لینے کیلئے اپنی ٹاسک فورس اجلاسز میں صورتحال کا جائزہ لیں گی۔وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اجلاس کو کورونا وائرس کی صورتحال بہتر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ نئے کیسوں کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پچھلے 30 دنوں کے دوران معاملات میں کمی آرہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 8 جولائی کو 1782 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور یکے بعد دیگرے یہ تعداد گھٹتی چلی گئی اور آخر کار 7 اگست 2020 کو 487 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کورونا وائرس کو ختم ہو گیا یا اس پر قابو پالیا گیا ہے لیکن یہ ہمیں سبق سکھاتا ہے کہ وائرس اب بھی موجود ہے۔