بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم کنگ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، شاہ رخ خان کو شوٹنگ کے دوران ایک ایکشن سین کے دوران شدید پٹھوں کی چوٹ لگی جس کے باعث انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ابتدائی علاج کے بعد ڈاکٹروں نے شاہ رخ خان کو مکمل صحت یابی کے لیے ایک ماہ کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس سلسلے میں، اداکار کو مزید تشخیص اور علاج کے لیے امریکا منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں ان کا ہنگامی آپریشن کیا جائے گا۔
شاہ رخ خان کی ٹیم نے اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا لیکن ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر شائقین ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ شاہ رخ خان کو ملٹی پل مسل انجری ہوئی ہے، اور ڈاکٹروں نے انہیں کم از کم ایک ماہ تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
سپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم کنگ ایک ایکشن سے بھرپور فلم ہے جس کی ہدایت کاری سجید ناڈیاڈوالا کر رہے ہیں۔
فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ چوٹ کی وجہ سے شوٹنگ کے شیڈول میں کچھ تاخیر متوقع ہے، لیکن پروڈکشن ٹیم نے اس حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا۔
شاہ رخ خان، جو اپنی شاندار اداکاری اور بالی ووڈ میں بادشاہ کے لقب سے مشہور ہیں، اس سے قبل بھی کئی فلموں میں ایکشن سینز کرتے رہے ہیں۔ ان کے مداح امید کر رہے ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر ایک بار پھر پردہ سیمیں پر اپنا جادو جگائیں گے۔