ڈیرہ اسماعیل خان: اپر وزیرستان میں دھماکے کے نتیجے میں قبائلی رہنما سمیت 2افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دھماکہ اپر وزیرستان کی تحصیل سرویکئی میں قبائلی شہری ملک احمد جان اور داؤد جان کے گھر میں ہوا۔ گھر کے وسطی حصے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
کوٹ ادو، گھر میں پراسرار دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 3 زخمی
دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد میں ملک داؤد جان اور خونا جان شامل ہیں جبکہ زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے ٹانک ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ تھا یا نہیں، اس پر تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ آئی ای ڈی کا ہوسکتا ہے، تاہم واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے شہر کوٹ ادو میں گھر کے اندر پراسرار دھماکے سے بچی سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
کوٹ ادو کے علاقے دائرہ دین پناہ کے ایک گھر کے اندر پراسرار دھماکے سے 5 روز قبل بچی سمیت 5 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔