عید الاضحیٰ کے موقع پر موٹرویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
عوامی تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان سینٹرل ریجن کا کہنا ہے کہ اوورلوڈ اور غیر فٹ گاڑیاں موٹرویز پر سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہیں، اسی لیے ایسی گاڑیوں کو متبادل اور محفوظ راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق ماضی میں جانوروں سے لدی گاڑیوں کے باعث متعدد خطرناک حادثات پیش آ چکے ہیں، جس کے بعد یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد حادثات کی روک تھام اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانا ہے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا پولیس کو موٹروے انٹری پوائنٹس پر چیک پوسٹس قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ مویشی منڈیوں اور انٹرچینجز کے اطراف غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ ٹریفک قوانین اور لوڈنگ اسٹینڈرڈز کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی۔
دوسری جانب ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق کل چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، جس کے مطابق عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








