بے نظیر بھٹو کا ویژن پی ڈی ایم کی صورت میں آج بھی زندہ ہے۔بلاول بھٹو زرداری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر بھٹو کی 13ویں برسی کے موقعے پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بے نظیر کی برسی کے موقعے پر اپنے الگ الگ بیانات میں سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی عوام کو مظالم سے آزاد کرانے اور بہتر مستقبل دینے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ جمہوریت اور پاکستانی عوام کیلئے بے نظیر کی قربانیاں ملکی تاریخ اور لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ ہمیں آج اسی طرح کے جبر کا سامنا ہے جس سے بی بی شہید زندگی بھر لڑتی رہیں۔

بی بی شہید کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے صاحبزادے اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگرچہ جسمانی طور پر بے نظیر بھٹو ہمارے ساتھ نہیں تاہم وہ جمہوری قوتوں کیلئے متحد اور پی پی پی رہنماؤں اور کارکنان کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مردوں کے معاشرے میں بے نظیر بھٹو نے نہ صرف خواتین کیلئے اعلیٰ مثال قائم کی بلکہ پوری قوم کو متحد کیا اور جمہوریت کی بحالی اور انسانی جدوجہد کی بہادری سے رہنمائی کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا ویژن پی ڈی ایم کی صورت میں آج بھی زندہ ہے کیونکہ انہوں نے آمرانہ قوتوں کو یہ کہتے ہوئے چیلنج کیا تھا کہ آپ کسی انسان کو تو قید، جلا وطن یا قتل کرسکتے ہیں لیکن اس کے خیالات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کو تاریک قوتوں نے سازش کرکے شہید کردیا لیکن پھر بھی انہیں شکست نہ دے سکے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ جس مشن کو ذوالفقار بھٹو چھوڑ کر گئے تھے، اس پر پوری قوت سے چلتے رہیں گے۔ پی پی پی کارکنان حقیقی جمہوریت کی بحالی، پارلیمان کی بالادستی اور عوامی اختیار کیلئے عظیم جدوجہد کرتے رہیں۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور ملک کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 13ویں برسی آج منائی جائے گی۔

ملک کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم کی حیثیت سے بے نظیر بھٹو شہید کے دور کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی بی بی شہید کی برسی کے موقعے پر عوامی طاقت کے مظاہرے کا اعلان کرچکی ہے۔

مزید پڑھیں: بے نظیر بھٹو شہید کی 13ویں برسی آج منائی جائے گی