جامعہ بنوریہ کا فضلا اجتماع، ملک بھر سے سینکڑوں گریجویٹس کی شرکت

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پرامن اور خوبصورت معاشرے کے قیام میں منبر ومحراب کا کردار اہم ہے،ملک سے کرپشن اور لوٹ مار کے خاتمہ کیلئے باصلاحیت اور دیندار افراد کو عہدوں پر لانا ضروری ہے،ملک کو دیندار قیادت فراہم کرنا دینی اداروں کی ذمہ داری ہے، ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی امداد میں جامعہ بنوریہ عالمیہ ودیگر مدارس کے فضلا نے قابل تحسین کردار اداکیا، فضلا اپنے اداروں اور مساجدسے عوام کو جوڑے ،معاشرے کی خیر خواہی اور اصلاح کیلئے فضلا کا کردار اہم ہے۔

ان خیالات کا اظہا ر گزشتہ روز جامعہ بنوریہ عالمیہ میں منعقدہ فضلا اجتماع مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ مفتی نعمان نعیم ، نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم ، ناظم تعلیمات وشیخ الحدیث مولانا عبدالحمید خان غوری ، معروف ماہر تعلیم وتربیت مولانا شیخ جہانگیر ، استاذ الحدیث مولانا عزیز الرحمن ہزاروی ، مولانا رشید احمد سواتی ،استاذ الحدیث مولانا عزیز الرحمن عظیمی ، استاذ الحدیث مولانا سلیمان ، مولانا حسین صدیقی ، ڈائریکٹر شعبہ دارالقرآن بنوریہ قاری عبدالمنان، ڈاکٹر مفتی وقار احمد سمیت دیگر علما و مشائخ نے خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں:

وزیر داخلہ کی گاڑی پر جوتے سے حملہ، ویڈیو وائرل

اس موقع پر جامعہ بنوریہ کے فضلا اجتماع میں شہر بھر سے آئے ہوئے 1992سے2022تک کے سینکڑوں فضلا کرام موجود تھے جن میں مختلف جامعات کے منتظمین ، سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیات اور علما مشائخ شامل تھے۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مولانا نعمان نعیم نے کہاکہ ملک کو باصلاحیت اور دیندار قیادت فراہم کرنا دینی مدارس کی ذمہ داری ہے ، آج وطن عزیز کے ہر شعبہ میں کرپشن نے جڑ پکڑی ہے اور ہم ترقی نہیں کرپارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دینی اقتدار کو ملحوظ رکھتے ہوئے مدارس فضلا کا دنیاوی شعبہ جات میں کام کرنا معاشرتی اصلاح کے لیے مفید ہے ، مدارس فضلا میں بے شمار شعبوں میں جانے کی صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں ، ہمیں انہیں نکھارنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہاکہ حالیہ سیلاب میں جس طرح سے فضلا مدارس اور بنوریہ کے فضلا نے اپنے اپنے علاقوں میں سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کی حتی کہ بنوریہ ویلفیئر ٹرسٹ کے تمام امدادی آپریشن کو لیڈ بھی فضلا نے کیا جو قابل تحسین ہے۔

مولانا عبدالحمید خان غوری نے کہاکہ اخلاص و للہیت اور محنت سے جو کام کیا جاتاہے اس میں کامیابی ہوتی ہے ،اپنے بڑوں اور بزرگوں سے مشاورت کو فروغ دیں ، دین و دنیا وی معاملات میں مشورہ کرنے سے کبھی نقصان نہیں ہوتا ہے ، فضلا اجتماع کا مقصد اپنے مادر علمی سے قلبی تعلق اور تعاون کو مزید مضبوط کرنا ہے ،مفتی محمد نعیم کو اللہ تعالی نے اساتذہ کے ادب کی وجہ سے بے شمار صلاحیتوں سے نوازا۔

مولاناعزیز الرحمن ہزاروی نے کہاکہ پر امن اور خوبصورت معاشرے کے قیام میں منبرو محراب کا کردار اہم ہے ، معاشرے کے افراد کی دینی ، اخلاقی اور معاشرتی تربیت کی کوشش ائمہ مساجد کی ذمہ داری ہے ،خطبا کو چاہیے کہ وہ جمعے کا خطبہ مکمل مطالعہ اور تحقیق کے بعد دیں ، انہوں نے کہاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی برائیوں کی اصلاح حکمت و بصیرت سے کریں ، ایسی باتوں سے گریز کریں جو معاشرے میں افتراق و اشتعال کا بنیں۔

مولانا عزیز الرحمن عظیمی نے کہاکہ عربی زبان پر دسترس ہماری دینی ملی اور علمی ضرورت ہے،اسلام کے آفاقی پروگرام کوسمجھنے اور سمجھانے کیلئے عالمی زبانوں میں مہارت وقت کی ضرورت ہے،سوشل میڈیا پر تنقید مسئلے کاحل نہیں بلکہ اسے طاغوتی طاقتوں کے مقابلے کیلئے ہتھیار بنانا ہوگا،علما دین کو اجتماعی شکل میں مشنری انداز کاکام کرنا ہوگا۔

 جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم نے کہاکہ مدارس میں جو طلبا پڑھتے ہیں ان کی فکر اہل مدارس کی ذمہ داری ہے ، جامعہ بنوریہ عالمیہ نے اپنے طلبا کیلئے کئی بیرون اور ملکی یونیورسٹیز سے ایکولنسی سندھ اور معادلہ کے معاہدے کیے ہیں ، جامعہ بنوریہ عالمیہ کا شعبہ بیرون میں اس وقت 50سے زائد ممالک کے طلبا پڑھ رہے ہیں اور 55سے زائد ممالک میں جامعہ کے فضلا دین کی ترویج واشاعت میں مصروف ہیں کمبوڈیا ،ملائیشیا سمیت کئی ممالک میں جامعہ کی شاخیں کام کررہی ہیں ، امریکا میں کئی بڑے نامی گرامی ادارے جامعہ کے فضلا چلارہے ہیں، ہم اپنے فضلا سے جڑے ہوئے ہیں ان سے رابطوں میں رہتے ہیں ہر سال فضلا کی ری یونین ہوتی ہے۔

Related Posts