پاکستانی کرکٹر بابر اعظم نے سال 2024 میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر آئی سی سی کی مردوں کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں جگہ بنالی ہے۔
بابر اعظم نے سال بھر میں 24 میچز میں 738 رنز بنائے جن میں چھ نصف سنچریاں شامل ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 75 رہا۔ انہوں نے 33 اعشاریہ 54 کی شاندار اوسط سے رنز بنائے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ بابر اعظم اس ممتاز ٹیم میں شامل ہونے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بابر اعظم کی سال کی شاندار شروعات کو نمایاں کیا، خاص طور پر نیوزی لینڈ کے خلاف لگاتار تین نصف سنچریوں کا ذکر کیا۔
آئی سی سی نے دباؤ میں بہترین کارکردگی دکھانے اور ہر فارمیٹ میں تسلسل کے ساتھ کھیلنے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے انہیں عالمی کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیا۔
ملتان ٹیسٹ: پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، ٹیم 154 رنز پر پویلین لوٹ گئی
اس ٹیم کی قیادت بھارت کے روہت شرما کر رہے ہیں جبکہ دیگر بھارتی کھلاڑیوں میں آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ بھی شامل ہیں۔
آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے اپنی ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ٹیم میں جگہ حاصل کی۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 180 کے قریب رہا۔
انہوں نے چار نصف سنچریاں اسکور کیں، جن میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف 80 رنز کی نمایاں اننگز شامل ہے جس سے انہوں نے اسپن اور فاسٹ باؤلنگ کے خلاف اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
انگلینڈ کے فل سالٹ نے 17 میچز میں 467 رنز بنا کر ٹیم میں جگہ بنائی۔ ان کی شاندار اننگز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقابل شکست 87 رنز اور ایک دو طرفہ سیریز میں میچ جیتنے والے 103 ناٹ آؤٹ رنز شامل ہیں جس کی بدولت وہ ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔
ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران نے 21 میچز میں 464 رنز بنا کر ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔ پوران کی درمیانی اوورز میں تیز رفتاری سے رنز بنانے اور آخر میں مضبوط فنش کرنے کی صلاحیت نہایت اہم ثابت ہوئی۔ ان کی نمایاں اننگز افغانستان کے خلاف 53 گیندوں پر 98 رنز کی تھی۔