پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے جنونی قاتل پر بنائی جانے والی فلم جاوید اقبال میں اپنے کردار کی پہلی تصویر جاری کردی ہے۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ عائشہ عمر نے نئی فلم میں اپنے کردار پولیس افسر زہرہ نگار کی پہلی جھلک پر مبنی تصویر جاری کی جو مکمل طور پر سنجیدہ فلم میں ایک اہم کردار ہوگا۔
سیریل کلر جاوید اقبال پر بنائی گئی فلم کے متعلق اپنے پیغام میں اداکارہ عائشہ عمر نے کہا کہ یہ ایک خوفناک کہانی ہے جو پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرنے کی ایک کوشش ہے۔
فلم کے متعلق عائشہ عمر نے مزید کہا کہ ہر گزرتے روز کے ساتھ مسلح افواج ہر مشکل کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہتی ہیں۔ میں آج اور ہر روز مسلح فوج کی شکر گزار رہوں گی۔
قتل اور زیادتی کے متعدد جرائم میں ملوث جاوید اقبال پر فلم کیلئے کام جاری ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق فلم میں یاسر حسین بدنامِ زمانہ قاتل کا کردار ادا کریں گے جبکہ عائشہ عمر پولیس افسر بنیں گی۔
پولیس افسر زہرہ نگار سیریل کلر جاوید اقبال پر تحقیقات کی سربراہ ہوتی ہے۔ فلم کی ہدایات ابو علیحہ نے دی ہیں جو جاوید احمد اور کے کے فلمز کے بینر تلے بنائی جائے گی۔
لاہور میں 1998 سے لے کر 1999 تک جاوید اقبال نامی جنونی قاتل نے 100 سے زائد 6 سے 16 سالہ بچوں سے زیادتی اور قتل کا اعتراف کیا۔ ملزم نے ثبوت مٹانے کیلئے مقتولین کی لاشوں کو تیزاب میں پگھلا دیا تھا۔
عدالت نے جاوید اقبال کو موت کی سزا سناتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کا کہ تمہیں مقتول بچوں کے والدین کے سامنے گلا گھونٹ کر قتل کیا جائے گا، لاش کے 100 ٹکڑے کرکے تیزاب میں بھی ڈالا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: منال، احسن محسن اکرام نے ڈھولکی کا دعوت نامہ سوشل میڈیا پرڈال دیا