شوبز میں کامیابی کیلئے تقاضے بدل گئے ہیں، ایاز خان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان شوبز انڈسٹری نے لاتعداد ستاروں کو جنم دیا جنہوں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا اور آج بھی اپنی بھرپور اداکاری سے شائقین کو معیاری تفریح فراہم کررہے ہیں۔ ایسی ہی ایک شخصیت ایاز خان ہیں جو اپنی خدا داد صلاحیتوںکی وجہ سے شائقین کے دلوں میں گھر کرچکے ہیں۔

ایم ایم نیوز نے معروف اداکارایاز خان کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس کا احوال نذر قارئین ہے۔

ایم ایم نیوز:کورونا وائرس نے انسانی زندگی پر کیا اثرات چھوڑے ہیں؟
ایاز خان: کورونا وائرس کی وجہ سے آج لوگوں کا رہن سہن تبدیل ہوگیا ہے اور آج ہر محفل میں کورونا زیر بحث ہوتا ہے جبکہ لوگ ویکسین کے حوالے سے بھی تقریبات میں اکثر بات کرتے ہیں تو مجموعی طور پر کورونا نے انسانی زندگیوں پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔

ایم ایم نیوز:بلبلے میں اکثر چار بیویاں، کیا آپ حقیقی زندگی میں بھی 4 شادیوں کے قائل ہیں؟
ایاز خان: ہزاروں خواہشیں ایسی کے ہر خواہش پہ دم نکلے کے مصداق ڈارمہ میں اتنی بار چار شادیاں ہوچکی ہیں کہ اب مزید خواہش نہیں رہی۔

ایم ایم نیوز:بلبلے ڈرامہ میں آپ کا کوئی ڈائیلاگ جو خود بھی بہت پسند ہو؟
ایاز خان: بلبلے میں مجھے ایک قسط کیلئے بلایا گیا تھا لیکن بعد میں باربار شیر خان کی انٹری کی وجہ سے لوگ اب مجھے ایاز خان کے بجائے شیر خان کے نام سے پہنچانتے ہیں اور بلبلے میں ناموںکو الگ انداز سے بولنے کی وجہ سے زیادہ پسند کیا گیا اور پشتو انداز میں بولے جانیوالے ڈائیلاگ پسند ہیں۔

ایم ایم نیوز:شوبز انڈسٹری میں تیزی سے کامیابی کا فارمولاکیا ہے ؟
ایاز خان: آج کے دور میں شوبز انڈسٹری میں کافی کچھ تبدیل ہوچکا ہے اور تقاضے بدل چکے ہیں، انڈسٹری میں تیزی سے کامیابی کا فارمولا بتایا نہیں جاسکتا۔

ایم ایم نیوز:آج اور گزرے کل کے  شوبز میں کیا فرق ہے ؟
ایاز خان: ہمارے دور میں ہر چیز کا طریقہ کار ہوتا تھا اور آگے بڑھنے کیلئے آپ کو باقاعدہ ایک ایک منازل طے کرنا پڑتی تھیں لیکن آج کے دور میں یہ سب کچھ نہیں ہے، آج سب شارٹ کٹ کے چکر میں رہتے ہیں۔

ایم ایم نیوز:ڈراموں میں طلاق کو بڑھاچڑھاکر پیش کرنے کی وجہ کیا ہے ؟
ایاز خان: ہمارے ڈرامے کسی دور میں پوری دنیا میں دیکھے اور پسند کئے جاتے تھے اور آج بھی ہمارے ڈراموں کا معیار بہت بہتر ہے لیکن بعض اوقات ایسا لگتا ہے کہ اسکرپٹ میں دانستہ طلاق جیسے واقعا ت شامل کئے جاتے ہیں جو کہ ہماری ثقافت نہیں ہے لیکن بہرحال معاشرے کا حصہ ہیں ۔

ایم ایم نیوز:سیاست سے کتنا لگاؤ، پسندیدہ سیاستدان کون ہے ؟
ایاز خان: سیاست سے میرا دور دور تک کا کوئی تعلق نہیں ہے ، ہمارے ملک میں سیاست میں جھوٹ اور منافقت بہت زیادہ ہے اور میں نہیں چاہتا کہ آج اتنا پیار کرنے والے مداح کل میرے لئے بھی وہی الفاظ استعمال کریں جو سیاستدانوں کیلئے ہوتے ہیں۔

ایم ایم نیوز:کامیڈی میں کس فنکار سے زیادہ متاثر ہیں؟
ایاز خان: اداکاری میں معین اختر نے بہت زیادہ متاثر کیا اور ایک وقت میں ان سے آٹو گراف لیتا تھا اور پھر ایک وہ وقت بھی آیا کہ جب میں نے معین اختر،انور مقصود، عمر شریف اور دوسرے فنکاروں کے ساتھ کام کیا اور ہمارے کئی ڈرامے آج بھی لوگ دیکھتے ہیں تو انہیں نیا پن محسوس ہوتا ہے۔

ایم ایم نیوز:خلیل الرحمان قمر کے حوالے سے آپ کی کیا رائے ہے؟
ایاز خان: میں نے خلیل الرحمان قمر کے ڈرامے دیکھے ہیں اور ان کی شاعری بھی پڑھی ہے ، ایک ٹی وی شو میں انہوں نے جذبات کو قابو نہیں رکھا جس کی وجہ سے انہیں تنازعات کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ ایک اچھے لکھاری ہیں۔

ایم ایم نیوز:مذہب اور شوبز کے درمیان توازن کیسے قائم کیا ؟
ایاز خان: شوبز انڈسٹری سے میرا ایک تعلق ضرور ہے لیکن ایسا نہیں کہ میں مذہب سے دور ہوں بلکہ میرا مذہب سے بہت قریبی تعلق ہے اور میں درس و تدریس اور تبلیغ میں بھی شامل رہا ہوں اور شوبز میرا پیشہ ہے اور دونوں میں توازن کرنا کوئی مشکل نہیں ہے۔

Related Posts