کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے سینئرڈپٹی کنوینر عامر خان نے چارسدہ ولی باغ میں اے این پی کے رہنماء اسفندیار ولی کی عیادت کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صدرتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور حال ہی میں سپریم کورٹ میں ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے لگائی گئی پٹیشن پر بلدیاتی قانون کے حوالے سے فیصلہ آنے پر بھی گفتگو ہوئی۔
بعدازاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ آج ہم یہاں خاص طور پر اسفند یار ولی کی طبیعت کی ناسازی پر یہاں انکی عیادت کیلئے آئے ہیں اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، وہ ناصرف خیبر پختون خواہ بلکہ پاکستان کا بھی اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری آج اے این پی کے رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے اور جو ہم پیغام یہاں لیکر آئے ہیں وہ یہی ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو بھلا کر ہمیں مملکت کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے یہی وقت کا تقاضہ ہے اور خاص طور پر کراچی میں جو ہمارے پختون اور مہاجر بھائی رہتے ہیں انکا آپس میں کوئی معاشی ٹکراؤ نہیں۔
عامر خان نے کہا کہ ہم سالوں سے ساتھ رہ رہے ہیں اور اب ہم سب کو ساری تلخیاں بھلاکر آپس میں بھائی چارگی کی فضاء کو قائم کرناہے اورہمیں آگے ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کراچی اورصوبے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کریں گے تو یہ پورے پاکستان میں ایک اچھا پیغام جائیگا اور اسی طرح آگے بھی اپنے رابطے جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پچھلے دنوں سازش کے تحت 2013 کے کالے بلدیاتی قانون میں ترمیم کرکے سندھ حکومت نے ایک بل پاس کروایا جس کی ہم سب نے بھر پور مخالفت کی،اس کالے بلدیاتی قانون میں آئین کے آرٹیکل 140-A کی شق کی خلاف ورضی کی گئی جس کی وجہ سے ہم نے آل پارٹیز کانفرنس کی اور تمام پارٹیوں کو اس میں مدعو کیا جس میں اے این پی کے دوستوں نہ صرف شرکت کی بلکہ ہمارے اس موقف کی حمایت بھی۔
ریاست میں وفاق سے صوبوں کو اختیارات تقسیم ہونے چاہئے 18ویں ترمیم کے ذریعے پھر صوبوں سے وہ اختیارات مقامی حکومتوں کو تقسیم ہونے چاہئے تھے تاکہ مقامی حکومتوں کو اختیارات وسائل ملیں،جبکہ سندھ حکومت نے سارے بلدیاتی ادارے اپنے قبضے میں لے لئے جس پر سیاسی موقف تھا کہ آئین کے مطابق ہی ساری چیزوں کو آگے لیکر چلا جائے جس پر گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا اور ہمارے اسی موقف کی جیت ہوئی ہے۔
اب پاکستان کے تمام صوبوں سے لوگوں کو عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹانا چاہئے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانا چاہئے۔عامر خان نے مزید کہا کہ ہم اے این پی کے نہایت شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے موقف پر ہمارا ساتھ دیا اور ہم آگے بھی ایک دوسرے کے ساتھ ایسے ہی ملکر کام کریں گے جس سے ملک اور صوبے کی صورتحال بہتر ہو سکے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کے خلاف ایک بار پھر چور اکٹھے ہوگئے،شہباز گل